ہندوستان

کولکتہ میں ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے ملزم کو عمر قید: واقعہ کے 164 دن بعد سزا سنائی گئی۔ عدالت نے کہا ‘‘ریئر آف دی ریئر’’ کیس نہیں ہے

کولکتہ۔ 20؍ جنوری ۔ (اردو لائیو): کولکتہ کے آر جی کر ریپ کیس میں فیصلہ آ گیا ہے۔ جج نے سنجے رائے کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ اس کے علاوہ جج نے اس کے اوپر 50 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ پچھلے سال 9؍ اگسٹ کو 32 سال کی ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ ریپ کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ اس معاملہ کو لیکر پورے ملک میں زور شور سے احتجاج ہوئے تھے۔کولکاتا پولیس سے سی بی آئی کو کیس سونپنے کے بعد سی بی آئی نے رائے کے لیے موت کی سزا کی مانگ کی تھی۔ لیکن جج انیر بن داس نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ ‘‘ریئر آف دی ریئر’’ کیس نہیں ہے۔ اس بنیاد پر انہوں نے ملزم سنجے رائے کو عمر قید کی سزا سنائی۔ کورٹ نے متاثرہ کے خاندان والوں کو 17 لاکھ روپے کا معاوضہ دیے جانے کا بھی فیصلہ سنایا ہے۔

ادھر، ملزم رائے خود کو بے قصور بتا رہا ہے۔ اس نے کورٹ میں کہا کہ ‘مجھے بغیر کسی وجہ کے پھنسا دیا گیا ہے۔ میں نے آپ کو پہلے بتایا ہے کہ میں ہمیشہ رودراکش کی چین پہنتا ہوں۔ اگر میں نے جرم کیا ہوتا، تو وہ جرم والی جگہ پر ٹوٹ جاتی۔ مجھے بولنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔ ان لوگوں نے مجھ سے زبردستی کاغذ پر دستخط کرائے۔ مجھے بولنے کا موقع نہیں ملا۔ آپ نے بھی یہ سب دیکھا ہے سر۔ میں نے آپ کو پہلے بھی بتایا ہے۔’

جج انیر بن داس نے ہفتہ (18؍ جنوری) کو رائے کو مجرم قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ فیصلہ سنانے سے پہلے اس کی بات سنیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ رائے کو کم سے کم عمر قید ہو سکتی ہے۔ پیر کو جج نے کہاکہ ‘مجھے میرے سامنے پیش کیے گئے ثبوت کی بنیاد پر فیصلہ لینا ہوگا۔ میں نے 3 گھنٹوں تک تمہاری بات کو سنا۔ تمہارے وکیل نے تمہارا کیس پیش کیا۔ الزامات ثابت ہو چکے ہیں۔ اب میں سزا پر تمہارے خیالات جاننا چاہتا ہوں۔’

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن کورٹ کے جسٹس داس نے رائے کو ہفتہ کو بھارتی قانونی ضابطہ (بی این ایس) کی دفعہ 64، 66 اور 103(1) کے تحت مجرم ٹھہرایا۔ کارروائی کے دوران سی بی آئی کے وکیل نے مجرم کو سخت سے سخت سزا دینے کی اپیل کی۔ ایجنسی کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ہم معاشرے میں لوگوں کا یقین برقرار رکھنے کے لیے سخت سے سخت سزا کی اپیل کرتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button