آئی آئی ٹی مدراس کے ڈائرکٹر نے گائے کے پیشاب کی تعریف کی۔ سیاسی حلقوں میں ہنگامہ

چینائی۔ 20؍ جنوری ۔ (اردو لائیو): آئی آئی ٹی مدراس کے ڈائرکٹر وی کامکوٹی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ گائے کے پیشاب کے طبی فوائد کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ کامکوٹی نے گائے کے پیشاب کو اینٹی بیکٹیریل، اینٹی فنگل اور نظامِ ہضم کے لیے مفید قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گائے کا پیشاب معدے کی بیماریوں سے بھی آرام پہنچاتا ہے۔ ان کے اس دعوے کی ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سیاسی حلقوں میں بھی ہنگامہ برپا ہو گیا۔ کانگریس اور ڈی ایم کے نے ان کے اس بیان پر سخت احتجاج کیا ہے۔
چینائی میں ایک گائے کی دیکھ بھال سے متعلق پروگرام میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ سنیاسیوں کو جب تیز بخار ہو جاتا ہے تو وہ بھی گائے کے پیشاب کا استعمال کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق وائرل ویڈیو حقیقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ایک حیاتیاتی کسان ہیں، اس لیے ان کے خیالات کا دائرہ کافی وسیع ہے۔
ڈی ایم کے اور کانگریس نے آئی آئی ٹی مدراس کے ڈائرکٹر کے اس بیان کی مذمت کی ہے۔ کانگریس لیڈر کارتھی پی چدمبرم نے کہا کہ آئی آئی ٹی مدراس کے ڈائرکٹر کا دعویٰ بے بنیاد ہے اور اس کا سائنس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہیں ڈی ایم کے کے لیڈر ٹی کے ایس ایلنگووان نے کہا کہ انہیں اس نامور ادارے سے کہیں اور بھیج دینا چاہیے۔
ڈی ایم کے لیڈر نے کہا کہ اگر ان کا تبادلہ آئی آئی ٹی مدراس سے کسی سرکاری میڈیکل کالج میں کر دیا جاتا ہے تو وہ کیا کریں گے؟ آخر وہ آئی آئی ٹی میں کیا کر رہے ہیں؟ انہیں ایمز کا ڈائرکٹر بنا دینا چاہیے۔ حکومت کو انہیں فوراً آئی آئی ٹی سے ہٹا دینا چاہیے۔ قابل ذکر ہے کہ وی کامکوٹی کے سوشل میڈیا پر کئی ایسے ویڈیوز موجود ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ کتنے مذہبی شخص ہیں۔