ہندوستان

شادی سے انکار پر باپ نے بیٹی کو گولی مارکر قتل کردیا۔ گوالیار میں پیش آیا دل دہلادینے والا واقعہ

گوالیار۔ 16؍ جنوری ۔ (اردو لائیو):مدھیہ پردیش کے گوالیار میں غیرت کے نام پر قتل(آنر کلنگ) کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایک باپ نے اپنی 20 سالہ بیٹی کو گولی مار کر صرف اس لیے قتل کر دیا کیونکہ وہ خاندان کی مرضی کے مطابق شادی نہیں کرنا چاہتی تھی۔ گولی مارنے کے بعد باپ پستول ہواء میں لہراتا رہا۔ شادی سے چار دن پہلے ہوئے اس قتل نے سب کو چونکا دیا ہے۔

مدھیہ پردیش کے گوالیار میں ایک باپ نے گولی مار کر اپنی بیٹی کا قتل کر دیا۔ آدرش نگر مہاراجپورہ کی رہنے والی ایک طالبہ کی چار دن بعد 18؍ جنوری کو شادی ہونے والی تھی۔ گھر میں تنو کی شادی کی تیاریاں چل رہی تھیں۔ منگل کی رات تقریباً 9 بجے اچانک اس کا باپ مہیش غصہ کی حالت میں گھر آیا اور پستول سے اپنی بیٹی کے چہرے پر گولی مار دی۔ گولی لگتے ہی تنو بے ہوش ہو کر گر پڑی۔ گولی کی آواز سنتے ہی گھر والے کمرے میں پہنچے تو وہاں تنو کی لاش خون میں لت پت پڑی تھی۔ اس کا چہرہ پوری طرح خراب ہو چکا تھا۔ باپ پستول لے کر اور چچازاد بھائی راہول کٹا لے کر کھڑا تھا۔ تنو کے والد مہیش سنگھ ہائی وے پر ڈھابہ چلاتے ہیں۔

واقعہ کی اطلاع’ پڑوسیوں نے پولیس کو دی۔ اس کے بعد گوالیار کے ایس پی دھرم ویر سنگھ اور سی ایس پی مہاراجپورہ موقع پر پہنچے۔ دونوں موقع پر پہنچے تو مہیش ہوا میں پستول لہرا رہا تھا۔ کسی طرح پولیس نے اس پر قابو پایا۔ پتہ چلا ہے کہ تنو یہ شادی کرنا نہیں چاہتی تھی۔ اس کی مرضی کے بغیر یہ شادی طے کی گئی تھی۔

بتایا گیا کہ ملزم مہیش سنگھ کو بیٹی کا شادی سے انکار کرنا پسند نہیں آیا۔ موقع پر ایسی بات بھی ہو رہی تھی کہ تنو یہ شادی کرنا نہیں چاہتی تھی۔ اس کی مرضی کے بغیر یہ شادی طے کی گئی تھی۔ تنو نے اس بات کو لے کر دو دن قبل ہی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔ اس میں وہ کہتی نظر آ رہی تھی کہ اس کی یہ شادی زبردستی کرائی جا رہی ہے۔ فی الحال یہ ویڈیو پولیس کو نہیں ملا ہے۔

سی ایس پی ناگندر سنگھ سکرور نے بتایا ہے کہ واردات میں لڑکی کا چچازاد بھائی راہول بھی شامل ہے۔ ملزم والد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ چچازاد بھائی فرار ہے۔ لڑکی شادی نہیں کرنا چاہتی تھی، جس کی وجہ سے یہ قتل کیا گیا ہے۔ فارنسک ایکسپرٹ سینئر سائنسدان اکھیلیش بھارگو بھی موقع واردات پر پہنچے۔ پولیس موقع واردات پر پہنچ کر تفتیش کر رہی ہے۔

Related Articles

Back to top button