مشہور اسلامی مبلغ یوسف قرضاوی کے بیٹے عبدالرحمن یوسف قرضاوی لبنان میں گرفتار

لبنان ۔ 29؍ ڈسمبر ۔ (ایجنسیز): مشہور اسلامی مبلغ یوسف قرضاوی کے بیٹے عبدالرحمن یوسف قرضاوی کی لبنان میں گرفتاری کی خبر عالمی میڈیا اور سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔ الاخوان المسلمون کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عبدالرحمن کو شام سے واپسی کے دوران لبنانی حکام نے حراست میں لیا۔ عبدالرحمن یوسف قرضاوی شام میں جاری انقلاب کی خوشی میں شرکت کے لیے وہاں گئے تھے اور شامی عوام کے ساتھ جشن منایا۔ تاہم شام میں اپنے قیام کے دوران انہوں نے ایک ویڈیو نشر کی جس میں مصر اور بعض خلیجی ممالک کے خلاف سخت اور توہین آمیز بیانات دیے۔ یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر شامی اور مصری حلقوں کی طرف سے۔
الاخوان کے پلیٹ فارمز کے مطابق یہ گرفتاری لبنان اور مصر کے درمیان سکیورٹی تعاون کے نتیجہ میں عمل میں آئی۔ عبدالرحمن یوسف قرضاوی مصر کو کئی مقدمات میں مطلوب ہیں، جن میں تشدد اور دہشت گردی پر اکسانے کے الزامات شامل ہیں۔ مصر نے ان کے خلاف حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کرنے اور جھوٹی خبریں پھیلانے کے مقدمات میں سزا سنائی ہے۔ شام میں نئی انتظامیہ کے وزارت اطلاعات نے ایک بیان میں وضاحت کی کہ شام میں آنے والے زائرین اور میڈیا کے شرکا کے بیانات ان کی ذاتی رائے ہیں اور ضروری نہیں کہ یہ شامی حکومت کے مؤقف کی عکاسی کریں۔ انہوں نے کہا کہ شامی حکومت کے سرکاری بیانات صرف منظور شدہ حکام کے ذریعہ جاری کیے جاتے ہیں۔
عبدالرحمن یوسف قرضاوی اس وقت ترکیہ میں مقیم ہیں اور مصر میں کئی مقدمات میں مفرور ہیں۔ مصر کی عدالتوں نے ان پر دہشت گردی، عوام کو حکومت کے خلاف اکسانے، اور جھوٹے پروپیگنڈے کے الزام میں سخت سزائیں سنائی ہیں۔ یہ واقعہ ایک بار پھر مشرق وسطیٰ کے سیاسی حالات اور علاقائی تعلقات میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو نمایاں کرتا ہے۔ عبدالرحمن کی گرفتاری نے الاخوان المسلمون اور ان کے ناقدین کے درمیان تنازعہ کو مزید شدت دے دی ہے۔



