جنوبی کوریا میں طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثہ کا شکار۔ 179 افراد ہلاک (ویڈیو)

موان’ جنوبی کوریا۔ 29؍ ڈسمبر ۔ (ایجنسیز): جنوبی کوریا کے شہر موان میں اتوار (29؍ ڈسمبر) کو ہونے والے ایک المناک حادثہ میں 179 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ صرف دو افراد کے زندہ بچنے اور جو شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جیجو ایئر کا طیارہ رن وے سے پھسل کر باڑ (باؤنڈری) سے ٹکرا گیا۔ ایمرجنسی حکام نے کہا کہ وہ حادثہ کی اصل وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کر رہے ہیں۔ یہ واقعہ گزشتہ ہفتہ قازقستان کے شہر اکتاؤ کے قریب آذربائیجان ایئر لائن کے طیارے کے حادثہ کے بعد پیش آیا ہے، جس میں طیارے میں سوار 67 میں سے 38 افراد ہلاک اور باقی زخمی ہو گئے تھے۔
مقامی فائر چیف نے بتایا کہ موان میں جیجو طیارہ حادثہ پرندوں کے ٹکرانے اور خراب موسم کی وجہ سے ہوا۔ موان فائر اسٹیشن کے چیف لی جیونگ ہیون نے ایک بریفنگ کے دوران کہا کہ حادثہ کی اصل وجہ پرندوں سے ٹکرانا اور موسم کی خراب صورتحال سمجھا جاتا ہے۔ تاہم اس کی اصل وجہ مشترکہ تحقیقات کے بعد بتائی جائے گی۔
موان فائر اسٹیشن نے کہا کہ وہ ابھی تک ہلاکتوں کی صحیح تعداد کی تصدیق نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی کارکنوں نے کم از کم دو مسافروں کو بچایا۔ یونہاپ نے رپورٹ کیا کہ طیارہ رن وے سے ہٹ کر ایک باڑ سے ٹکرا گیا۔ ایمرجنسی حکام کا کہنا تھا کہ وہ آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مقامی ٹی وی چینلز نے فوٹیج نشر کئے جس میں طیارے سے آگ کے شعلے اور سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب جنوبی کوریا اپنے صدر یون سک یول کے ‘مارشل لا’ کے نفاذ اور اس کے بعد ان کے خلاف مواخذے کی وجہ سے ایک بڑے سیاسی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔
جنوبی کوریا کے قانون سازوں نے گزشتہ جمعہ کو قائم مقام صدر ہان ڈوک سو کے مواخذے کی تحریک منظور کرتے ہوئے ان کی ذمہ داریوں کو معطل کر دیا، جس سے نائب وزیر اعظم چوئی سانگ موک کو عہدہ سنبھالنے کی اجازت دی گئی۔



