
حیدرآباد۔ 27؍ ڈسمبر ۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں ہمیشہ ایک وزیر اعظم کے طور پر یاد رکھیں گے، جنہوں نے پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی ترقی کے لیے مخلصانہ کوششیں کیں۔
اسد الدین اویسی نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی زندگی کو ایک غیر معمولی مثال قرار دیا، جو تقسیم کے بعد پناہ گزیں کی حیثیت سے ہندوستان آئے اور اپنی قابلیت اور محنت کے بل پر نہ صرف ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر اور وزیر خزانہ بنے بلکہ ملک کے وزیر اعظم کے عہدہ تک بھی پہنچے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں اویسی نے کہا کہ ‘‘میں انہیں واحد وزیر اعظم کے طور پر یاد رکھوں گا جنہوں نے پسماندہ اور پچھڑے طبقات کے بشمول اقلیتوں کو اوپر اٹھانے کے لیے سنجیدہ اور مخلصانہ کوشش کیں۔’’
انہوں نے سابق وزیر اعظم کے اہلِ خانہ، دوستوں، اور ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی زندگی قوم کے لیے ایک مثال ہے۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں ہندوستان نے نہ صرف معاشی استحکام حاصل کیا بلکہ سماجی انصاف کی سمت میں اہم اقدامات بھی کیے۔ ان کے دورِ حکومت میں اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے متعدد اسکیمیں اور پالیسیاں متعارف کروائی گئیں، جو آج بھی ان کی وراثت کو زندہ رکھتی ہیں۔



