سنبھل میں ایس پی ایم پی ضیاء الرحمن برق کے گھر پر چلا یوگی کا بلڈوزر
سنبھل’ یوپی۔ 20؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): سنبھل کے سماج وادی پارٹی کے ایم پی ضیاء الرحمن برق پر لگاتار ریوگی کی زیر قیادت ریاستی حکومت کا شکنجہ کسا جا رہا ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں ایس پی ایم پی کے خلاف یہ پانچویں کارروائی ہے۔ چھاپہ، ایف آئی آر اور بجلی کٹوتی کے بعد اب ان کے گھر پر یوگی حکومت کی بلڈوزر کارروائی ہوئی ہے۔ یوگی حکومت کا بلڈوزر ان کے گھر پہنچ گیا ہے، سیڑھیاں منہدم کر دی گئی ہیں۔ رکن اسمبلی نے گھر کے باہر نالے کے اوپر سیڑھیاں بنوائی تھیں۔ بلدیہ نے یہ کارروائی انجام دی ہے۔
سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمن برق کی مشکلات کم ہونے کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ بلڈوزر کی کارروائی سے قبل اینٹی پاور تھیفٹ پولیس نے جمعرات (19؍ ڈسمبر) کو ایس پی ایم پی ضیاء الرحمن برک کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج کر لیا۔ اس کے علاوہ محکمہ بجلی نے ان پر 1.91 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔
بجلی چوری کے الزام میں محکمہ نے دوپہر کو رکن اسمبلی کے گھر کا بجلی کا کنکشن بھی منقطع کر دیا تھا۔ تاہم رکن پارلیمنٹ کے وکیل نے چھاپے پر اعتراض کرتے ہوئے اوور لوڈنگ کے الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گھر میں دس کلو واٹ کا سولر پینل اور پانچ کلو واٹ کا جنریٹر بھی نصب ہے۔جمعرات (19؍ ڈسمبر) کی صبح محکمہ برقی کی ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں ان کے گھر پر بجلی چوری اور بے ضابطگیوں کی چھان بین کی تھی۔