جارجیا کے ریسٹوران میں گیس کا اخراج، 11 ہندوستانیوں کی موت
تبلیسی’ جارجیا۔ 17؍ ڈسمبر ۔ (ایجنسیز): جارجیا کے گڈاؤری کے ایک ریسٹوران میں 11 ہندوستانیوں سمیت 12 افراد کی موت ہوگئی۔ 12واں شخص جارجیا کا ہی ہے۔ پولیس کے مطابق، یہ سبھی افراد ریسٹوران کے دوسرے فلور کے ایک کمرے میں سو رہے تھے۔ تبھی کاربن مونو آکسائیڈ کے اخراج کی وجہہ سے ان کا دم گھٹ گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں ان کے جسم پر تشدد یا چوٹ کے کوئی نشان نہیں ملے۔ جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی میں واقع ہندوستانیسفارت خانہ نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سفارت خانہ نے کہا کہ ‘‘ہم مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ لاشوں کو جلد از جلد ہندوستان بھیجا جا سکے۔’’
جارجیا کے وزارت داخلہ نے کہا کہ اس واقعہ کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ سی این این کے مطابق، ملازمین کے بستر کے پاس ایک جنریٹر پایا گیا تھا اور شاید بجلی چلے جانے کے بعد اسے چالو کیا گیا تھا۔ اس سے گیس خارج ہوئی۔ مرنے والوں کی شناخت ابھی نہیں کی گئی ہے۔
گڈاؤری میں ابھی رات کے وقت درجہ حرارت مائنس 15 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے۔ بغیر ہیٹر کے یہاں رات بسر کرنا جان لیوا ہو سکتا ہے۔ اسی وجہ سے یہاں رہنے والے لوگ کمرے میں گرمی کا بندوبست کرتے ہیں۔
گڈاؤری روسی سرحد کے قریب قفقاز پہاڑوں کے قریب واقع ہے۔ یہ ملک کا سب سے بڑا اور سب سے بلند ترین اسکی ریزورٹ ہے۔ یہاں زیادہ تر یورپی سیاح آتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، پچھلے سال 3 لاکھ سے زیادہ لوگ یہاں اسکیئنگ کے لیے پہنچے تھے۔
گڈاؤری ریزورٹ 7,200 فٹ (2,195 میٹر) کی بلندی پر واقع ہے۔ یہاں 56 کلومیٹر تک اسکیئنگ کی جا سکتی ہے۔ یہاں 10,750 فٹ (3,277 میٹر) کی چوٹی سے اسکیئنگ شروع کی جا سکتی ہے۔