نئی دہلی۔ 16؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا کی پارلیمنٹ میں فلسطین کی حمایت کرنے والے بیگ پر بی جے پی جارحانہ ہوگئی ہے۔ بی جے پی نے پرینکا کے اس اقدام کو مسلمانوں کی خوشنودی کی سیاست قرار دیا۔ پرینکا گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی نے سوال کیا کہ کانگریس ایم پی کیا پیغام دینا چاہتی ہیں۔ وہ آج فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہی ہیں لیکن پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے بارے میں انہوں نے کچھ نہیں کہا۔ مسلمانوں کی خوشامد کی ان کی پالیسی کی وجہ سے کانگریس نئی مسلم لیگ بن گئی ہے۔
پرینکا گاندھی، جو ایک بیگ لے کر پارلیمنٹ پہنچی جس پر فلسطین لکھا ہوا تھا، نے بھی بی جے پی کے اس حملہ کا منہ توڑ جواب دیا۔ پرینکا نے بی جے پی کی سوچ کو پدرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں کیا پہنوں گی یا میرا بیگ کیسا ہو گا یہ فیصلہ کوئی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں بھگوا پارٹی کی فضول باتوں پر توجہ نہیں دینا چاہتی۔ پرینکا نے کہا کہ لوگوں کے لباس پر توجہ دینے کے بجائے بی جے پی کو بنگلہ دیش میں ہندوؤں اور اقلیتوں پر ہو رہے مظالم پر توجہ دینی چاہیے۔ ہمیں بنگلہ دیش کی حکومت سے بات کرنی چاہیے اور ان سے اسے روکنے کے لیے کہنا چاہیے۔
اس سے قبل، پرینکا گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے، بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ وہ صرف فیشن بیانات دینے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر ہونے والے مظالم کے خلاف تو کچھ نہیں کہا لیکن وہ فلسطینی بیگ کے ساتھ فیشن اسٹیٹمنٹ دینا چاہتی ہے۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر امیت مالویہ نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس جدید دور کی مسلم لیگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس والے سوچ رہے تھے کہ پرینکا انہیں بچائیں گی۔ لیکن یہ راہل گاندھی سے بھی بڑی تباہی ہے۔ کانگریس پر طنز کرتے ہوئے مالویہ نے کہا کہ سرمائی اجلاس کے اختتام پر کانگریس کے لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی جانی چاہیے۔ مالویہ یہیں نہیں رکے، انہوں نے کہا کہ اگر پرینکا کو لگتا ہے کہ فلسطین کی حمایت کرنے والا بیگ پارلیمنٹ میں لانا پدرانہ نظام سے لڑنا ہے، تو یہ کانگریس کے لیے تباہی ہے۔ اب اس میں کوئی شک نہیں کہ کانگریس نئی مسلم لیگ ہے۔
ایک اور بی جے پی لیڈر انیروان گنگولی نے کہا کہ پرینکا نہ تو اچھی طرح سے باخبر ہیں اور نہ ہی انہیں جغرافیائی سیاست کا صحیح علم ہے۔ وہ صرف نہرو گاندھی خاندان کی پرانی ہندو مخالف ذہنیت کو ظاہر کر رہی ہے۔ پارلیمنٹ میں ان کا فلسطین نواز بیگ اٹھانا ان کی مسلم لیگی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔