تلگو فلموں کے اداکار اللوارجن کو حیدرآباد میں گرفتار کرلیا گیا
حیدرآباد ۔ 13؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): اللو ارجن کو حیدرآباد پولیس نے جمعہ (13 ؍ ڈسمبر) کو گرفتار کرلیا۔ حال ہی میں، سندھیا تھیٹر حیدرآباد میں پشپا-2 کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت ہو گئی تھی۔ اداکار پر بغیر بتائے تھیٹر پہنچنے کا الزام ہے جس کی وجہ سے وہاں بھیڑ جمع ہوگئی۔
اس واقعہ کے بعد حکام نے سندھیا تھیٹر کے انتظامیہ اللو ارجن اور ان کی سیکورٹی ٹیم کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ انہیں نمائش میں فلم کی ٹیم کی موجودگی کے حوالے سے پیشگی اطلاع نہیں ملی تھی۔
اللو ارجن اور ان کی ٹیم نے بھی خاتون کی موت پر غم کا اظہار کیا تھا۔ اداکار نے متوفی ریوتی کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور ان سے ملاقات بھی کی۔ اداکار نے 25 لاکھ روپے کی مدد فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا۔ اللو نے کہا تھا کہ وہ اس واقعہ سے دکھی ہیں۔ زخمیوں کا علاج بھی ہم اپنے خرچ پر کرائیں گے۔
جانتے ہیں پورا معاملہ کیا ہے؟ دراصل، اللو ارجن بغیر بتائے 4؍ ڈسمبر کو فلم کی نمائش کے لیے سندھیا تھیٹر پہنچے تھے۔ اس موقع پر ان کے مداح ان سے ملنے کے لیے بے تاب تھے۔ شائقین کی بڑی تعداد نے ان کے ساتھ تھیٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس کی وجہ سے تھیٹر میں کافی بھیڑ جمع ہوگئی اور پھر لوگوں کو سانس لینے میں دشواری ہونے لگی۔
پولیس نے بھیڑ کو قابو میں کرنے کے لیے ہلکا لاٹھی چارج کیا۔ بھیڑ کم ہونے کے بعد دم گھٹنے سے بے ہوش ہونے والے لوگوں کو ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا۔ لیکن اس دوران ڈاکٹر نے ہاسپٹل میں ایک خاتون کو مردہ قرار دے دیا تھا۔
جس کے بعد پولیس نے اداکار اللو ارجن’ تھیٹر انتظامیہ اور اداکار کی سیکوریٹی ایجنسی کے خلاف مجرمانہ قتل کا مقدمہ درج کرلیا تھا۔