شامی عوام نے بشار الاسد کے والد حافظ الاسد کی قبر کو آگ لگا دی (ویڈیو)
دمشق ۔ 12؍ ڈسمبر ۔ (عرب میڈیا): چہارشنبہ (11؍ ڈسمبر) کو باغی جنگجوؤں نے معزول شامی صدر بشار الاسد کے والد، حافظ الاسد کی قبر کو آگ لگا دی۔
یہاں بشار الاسد کے والد حافظ الاسد کی قبر موجود ہے، جنہوں نے 29 سال تک ملک پر سخت حکمرانی کی اور 2000 میں وفات پا گئے۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تابوت کو آگ لگا دی گئی ہے اور مقبرے کے مختلف حصے جل رہے ہیں۔ یہ مقبرہ اسد خاندان کے دیگر افراد کی آخری آرام گاہ بھی ہے۔ باغی جنگجو تین ستاروں والے آزادی کے جھنڈے لہراتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔
عرب میڈیا ذرائع کو شمال مغربی شام کے قصبے قرداحہ کی ایسی ویڈیوز ملی ہیں، جہاں شامی اپوزیشن کے تین ستاروں والے جھنڈے ایک سلگتے ہوئے تابوت کے قریب لگے ہوئے نظر آئے۔
ایک شخص، طارق نصیف، نے ذرائع ابلاغ کے کیمرے کو بتایا: ‘‘ہم یہاں حافظ، ان کی بیوی انیسا اور ان کے بڑے بیٹے باسل کی قبروں کو دیکھنے آئے ہیں، کیونکہ یہ لوگ گندے لوگ تھے اور انہوں نے پورے شامی عوام پر ظلم کیا۔’’
ایک اور رہائشی، محمد نصیف، نے مزید کہاکہ ‘‘ہم آئے اور دیکھا کہ اسے اس کے گاؤں کے لوگوں نے جلا دیا اور تباہ کر دیا، کیونکہ اس نے انہیں بھوکا رکھا، کیونکہ وہ اسے ناپسند کرتے تھے، اور کیونکہ اس نے ہمیں تباہ کیا، انہیں اور ہمیں بے گھر کر دیا۔’’