جب اسد الدین اویسی ’ گری راج سنگھ سے ملنے پہنچے !

نئی دہلی ۔ 11؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): نظریاتی طور پر ایک دوسرے کے سخت مخالف بی جے پی کے فائر برانڈ لیڈر گرراج سنگھ اور اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی کی کل (10؍ ڈسمبر) ملاقات ہوئی ہے۔ دونوں کی تصویریں بھی سامنے آئی ہیں، جن کی سوشل میڈیا پر خوب چرچا ہو رہی ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ اسد اویسی نے ٹکسٹائلز منسٹر گرراج سنگھ سے دہلی میں ان کے دفتر میں ملاقات کی تھی۔ اس دوران ان کے ساتھ مہاراشٹرا کے مالیگاؤں سے رکن اسمبلی مفتی اسماعیل قاسمی اور اے آئی ایم آئی ایم کی مہاراشٹرا یونٹ کے صدر امتیاز جلیل بھی موجود تھے۔
اسد اویسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ‘‘دس رکنی وفد نے ٹکسٹائلز منسٹر گرراج سنگھ سے ملاقات کی اور انہیں مالیگاؤں کی پاور لوم انڈسٹری کے مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔ وفد نے مرکزی وزیر سے مالیگاؤں کا دورہ کرنے کی بھی درخواست کی۔’’
گرراج سنگھ نے اس میٹنگ کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا، ‘‘اویسی اور ان کی ٹیم نے ٹکسٹائلز منسٹری کے دفتر کا دورہ کیا اور بنکروں سے جڑے مسائل پر گفتگو کی۔ مودی حکومت میں سماج کے ہر طبقہ کا خیال رکھا جا رہا ہے۔ ‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس’ میں یقین رکھنے والے ہی ہندوستان کو خوشحال اور ترقی پذیر بنائیں گے اور مودی حکومت ان سب کی بھلائی کے لیے کھڑی ہے۔’’



