عام آدمی پارٹی کے کونسلر طاہر حسین کی مجلس میں شمولیت۔ اسد الدین اویسی نے دہلی کے مصطفی آباد سے دیا پارٹی کا ٹکٹ
نئی دہلی ۔ 10؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): اسد الدین اویسی نے منگل (10؍ ڈسمبر) کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘‘ایکس’’ پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ‘‘ایم سی ڈی کونسلر طاہر حسین’ مجلس اتحاد المسلمین میں شامل ہو گئے ہیں اور آئندہ دہلی اسمبلی انتخابات میں مصطفیٰ آباد اسمبلی حلقہ سے ہمارے امیدوار ہوں گے۔ ان کے اہل خانہ اور حامی آج مجھ سے ملے اور پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔’’
طاہر حسین پر فروری 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات کی سازش کا الزام ہے۔ گرفتاری کے بعد سے وہ اب تک جیل میں قید ہیں۔ ان واقعات کے بعد عام آدمی پارٹی نے طاہر حسین کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔
دہلی میں حکمران عام آدمی پارٹی نے مسلم اکثریتی مصطفیٰ آباد سیٹ سے اپنے موجودہ ایم ایل اے حاجی یونس کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے اور ان کی جگہ عادل احمد خان کو امیدوار کے طور پر میدان میں اتارنے کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی نے ابھی تک دہلی کی کسی بھی سیٹ کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے، لیکن قیاس کیا جا رہا ہے کہ پارٹی یہاں سے ایک مضبوط امیدوار اتار سکتی ہے جو ‘‘آپ’’ اور مجلس کے امیدواروں کو سخت مقابلہ دے سکے۔
دہلی اسمبلی کے انتخابات فروری 2025 میں ہونے ہیں، اور عام آدمی پارٹی مسلسل تیسری بار اقتدار پر قابض رہنے کی کوشش کر رہی ہے۔ 2020 کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی نے 70 میں سے 62 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔