کرناٹک کے سابق چیف منسٹر ایس ایم کرشنا نہیں رہے۔ 92 عمر میں آخری سانس لی
بنگلورو۔ 10؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): کرناٹک کے سابق چیف منسٹر ایس ایم کرشنا نہیں رہے۔ انہوں نے 92 سال کی عمر میں اپنے گھر میں آخری سانس لی۔ وہ ہندوستان کے وزیر خارجہ بھی رہ چکے تھے۔ اپنی طویل سیاسی زندگی میں، کانگریس کی طرف سے کافی عرصہ سیاست کرنے والے کرشنا نے بعد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا دامن تھام لیا تھا۔
خبر ہے کہ وہ کچھ وقت سے بیمار تھے اور اکتوبر میں انہیں ہاسپٹل میں بھی داخل کیا گیا تھا۔ سال 2023 میں انہیں پدم وبھوشن سے نوازا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، پچھلے سال ہی انہوں نے فعال سیاست سے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔
ایس ایم کرشنا کا سیاسی سفر
ایس ایم کرشنا کرناٹک اسمبلی اور قانون ساز کونسل دونوں کے رکن رہ چکے تھے۔ سال 1993 سے 1994 کے درمیان وہ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ بھی رہے۔ کانگریس نے اسمبلی انتخابات سے پہلے 1999 میں انہیں پردیش کمیٹی کی قیادت بھی سونپی تھی۔ خاص بات یہ ہے کہ اس انتخاب میں کانگریس کو فتح ملی تھی اور وہ وزیر اعلیٰ بنے۔ وہ سال 2004 تک وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز رہے۔
اس کے بعد 2004 سے 2008 تک وہ مہاراشٹرا کے گورنر بھی رہے۔ انہوں نے 2017 میں پارٹی بدلی اور بی جے پی کا دامن تھام لیا۔ اس کے علاوہ، وہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت میں 2009 سے 2012 تک وزیر خارجہ بھی رہے۔