
نابلس’ فلسطین۔ 5؍ ڈسمبر ۔ (پی آئی سی): چہارشنبہ (4؍ ڈسمبر) کے روز نابلس کے جنوب میں واقع گاؤں عقربا کے داخلی دروازے پر اسرائیلی قابض فوج کے اہلکاروں کے تشدد کے نتیجہ میں 70 سالہ فلسطینی بزرگ عاطف مالک دیریہ شہید ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، قابض فوجیوں نے عاطف دیریہ پر وحشیانہ تشدد کیا، جس کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میں ایمبولینس کے ذریعہ نابلس کے نیشنل ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ تاہم ہاسپٹل پہنچنے سے پہلے ہی وہ دم توڑ چکے تھے۔
نابلس کے جنوبی دیہات اور قصبہ مسلسل اسرائیلی قابض فوج اور آبادکاروں کے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ ان حملوں میں فلسطینیوں کے گھروں اور املاک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو داخلی راستوں پر قائم چیک پوسٹوں پر بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
آج صبح کے وقت، بیت فُوریک نامی گاؤں کے مغربی علاقہ پر اسرائیلی آبادکاروں نے حملہ کیا، جس کے دوران انہوں نے ایک گھر اور اس میں موجود گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
اس دوران غزہ میں جاری تباہی کے ساتھ، قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے بشمول مشرقی یروشلم میں بھی اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ دوسری طرف، آبادکاروں نے فلسطینیوں اور ان کی املاک پر حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مجموعی طور پر ان مظالم کے نتیجے میں 804 فلسطینی شہید اور 6,450 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
یہ واقعات اسرائیلی مظالم کے بڑھتے ہوئے سلسلے کا حصہ ہیں، جہاں نہتے فلسطینی شہری اپنی زندگی اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے سنگین حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ عالمی برادری کی خاموشی نے ان مظالم کو مزید ہوا دی ہے۔



