حیدرآباد: زو پارک تا آرام گھر فلائی اوور کا 9؍ ڈسمبر کو افتتاح متوقع
حیدرآباد۔ 5؍ ڈسمبر ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی زو پارک تا آرام گھر کے درمیان 6 لین فلائی اوور کا افتتاح 9؍ ڈسمبر کو کریں گے۔ پہلے یہ افتتاح 3 ؍ڈسمبر کو ہونا تھا لیکن اچانک ملتوی کر دیا گیا۔ افتتاح میں تاخیر کی بنیادی وجہ زو پارک کے مرکزی گیٹ کے سامنے فلائی اوور سے متصل سرویس روڈ کی عدم تعمیر بتائی گئی ہے۔
افتتاح کی تاریخ کے اعلان کے بعد بلدیہ کے ٹاؤن پلاننگ عملہ نے فوری حرکت میں آتے ہوئے زو پارک کے سامنے تقریباً 17 دکانوں، ہوٹلوں، اور دیگر کاروباری عمارتوں کو منہدم کرنا شروع کر دیا۔ انہدامی کارروائی کے بعد سرویس روڈ کی تعمیر کے لیے مزید ایک ہفتہ کی ضرورت ہو سکتی ہے۔
بلدیہ کی کارروائی کے نتیجہ میں زو پارک کے سامنے واقع ہوٹلوں اور کاروباری دکانوں کا کاروبار متاثر ہوا ہے، جس سے پارک آنے والے سیاح کھانے پینے کی اشیاء خریدنے میں دشواری محسوس کر رہے ہیں۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 3؍ ڈسمبر کو آئی میکس گراؤنڈ پر میر عالم سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا ورچوئل افتتاح بھی انجام دیا تھا۔
یہ فلائی اوور شہر کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، اور عوام کو سفری سہولتوں میں آسانی فراہم کرے گا۔