اتر پردیش

سنبھل فائرنگ میں پاکستان اور امریکہ میں بنی 9 ایم ایم کی گولیوں کا استعمال۔ ایس آئی ٹی کا دعویٰ

سنبھل ۔ 3؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): سنبھل فائرنگ میں غیر ملکی کنکشن کے بھی ثبوت کا ایس آئی ٹی اور فارنسک ٹیم دعویٰ کررہی ہے۔ ایس آئی ٹی اور فارینزک ٹیم نے تشدد زدہ علاقہ میں جانچ پڑتال کے دوران پاکستان اور امریکہ میں بنی گولیوں کے خول برآمد کیے ہیں۔ یہ خول ان جگہوں سے برآمد ہوئے ہیں جہاں پر گولی لگنے سے نوجوانوں کی موت ہوئی تھی۔ سنبھل کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کے ذریعہ قائم ایس آئی ٹی نے جانچ شروع کی تو نالے اور کچرے کے ڈھیر سے کل چھ کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔ 9 ایم ایم کا خول پاکستان آرڈیننس فیکٹری کا بنا ہوا ہے۔ اس کا استعمال پاکستان کی فوج کرتی ہے۔ اس کے علاوہ امریکہ میں بنے 12 بور کے ونچسٹر کارتوس کا بھی خول برآمد ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

ایس آئی ٹی نے میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے کل چھ خول اور مس فائرڈ کارتوس برآمد کیے ہیں۔ ان کارتوسوں کی برآمدگی سے پولیس انتظامیہ میں بھی کھلبلی مچ گئی ہے۔ ایس پی نے کہا کہ یہ انتہائی سنگین اور چونکانے والا معاملہ ہے۔ اندھیرا ہونے کی وجہ سے جانچ روک دی گئی ہے۔ اب کل یعنی چہارشنبہ کو جانچ پھر شروع ہوگی۔ ایس آئی ٹی نے جانچ میں نگر نگم سے بھی مدد مانگی ہے۔ واقعہ کے پاس لگے سی سی ٹی وی توڑ دیے گئے تھے۔ ڈی وی آر سے مدد نہیں مل سکی ہے۔

ایس پی سنبھل کے کے بشنوئی نے کہا کہ جس جگہ پر ایک لاش ملی تھی، فارینزک ٹیم اور نگر نگم کو آج ایک فائرڈ کیس POF 9mm 68-26، ایک FN اسٹار کیس ملا۔ اس پر اسٹرائکر پن کا نشان ہے۔ ایک میڈ ان یو ایس اے 12 ایم ایم بور کا کارتوس ملا۔ ان میں سے کوئی بھی بور پولیس کا نہیں ہے۔ کل چلائی گئی 6 گولیوں کے کارتوس ملے ہیں۔

24 نومبر کو سنبھل جامع مسجد کے سروے کے دوران فائرنگ میں چار نوجوانوں کی شہادت ہوگئی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں چاروں کی موت گولی لگنے سے بتائی گئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button