تلنگانہ: رنگاریڈی میں خوفناک سڑک حادثہ۔ 4 سبزی فروش ہلاک اور 50 زخمی
حیدرآباد ۔ 2؍ ڈسمبر ۔ تلنگانہ کے رنگاریڈی ضلع کے چیوڑلہ منڈل میں آلور اسٹیج کے قریب ایک بے قابو لاری نے سبزی فروشوں کو روند ڈالا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ سات افراد شدید زخمی ہیں۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے اموات کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اس حادثہ میں تقریباً 50 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تر سبزی فروش شامل ہیں۔ کئی زخمیوں کے ہاتھ اور پیر ٹوٹ چکے ہیں۔ یہ افراد اپنے روزگار کے لئے وہاں موجود تھے۔ حادثہ کے وقت مقامی لوگ خوف کے مارے جان بچانے کے لئے ادھر ادھر بھاگتے ہوئے دیکھے گئے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ حادثہ میں ملوث لاری کا ڈرائیور کیبن میں پھنس گیا تھا، جسے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
لاری کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی زد میں آکر ایک بڑا درخت بھی گر گیا۔ اس واقعہ نے علاقہ میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ مقامی افراد نے حکام سے سخت کارروائی اور حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔
پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور حادثہ کی مکمل تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔ متاثرین کے خاندان غم سے نڈھال ہیں، اور علاقہ کے لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جا تا ہے۔