پہلی پوسٹنگ کے لیے جارہے 26 سالہ آئی پی ایس آفیسر کی حادثہ میں موت
ہاسن ۔ 2؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): ایک انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) آفیس، جو کرناٹک کے ہاسن ضلع میں اپنی پہلی پوسٹنگ پر چارج لینے والے تھے، ایک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے پیر (2؍ ڈسمبر) کو یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق کرناٹک کیڈر کے 2023 بیچ کے آئی پی ایس آفیسر ہرش وردھن مدھیہ پردیش کے رہنے والے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی عمر 26 سال تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ حادثہ اتوار کی شام اس وقت پیش آیا جب ہاسن تعلقہ کے کٹانے کے قریب پولیس کی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا جس کے بعد ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا اور گاڑی سڑک کے کنارے واقع مکان اور درخت سے ٹکرا گئی۔ پولیس کے مطابق، وردھن ہولنرسی پور میں پروبیشنری اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے طور پر ڈیوٹی پر رپورٹ کرنے کے لیے ہاسن جا رہے تھے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ وردھن کے سر پر شدید زخم آئے اور ہسپتال میں علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی، جبکہ ڈرائیور منجے گوڑا کو معمولی چوٹیں آئیں۔ پولیس نے بتایا کہ آئی پی ایس آفیسر نے حال ہی میں میسور میں کرناٹک پولیس اکیڈمی میں اپنی چار ہفتہ کی تربیت مکمل کی تھی۔
ایک اور حادثہ
پیر کو کرناٹک کے تمکورو کے سیرا علاقہ میں ایک بس سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ اس واقعہ میں 3 مسافر کی موت اور 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح 4.30 بجے پیش آیا۔ بس گوا سے واپس آرہی تھی۔ زخمی مسافروں کو قریبی ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔