طوائفوں سے تعلقات رکھنے والا چلائے گا امریکہ۔ ڈونالڈ ٹرمپ کی جیت پر سینئر کانگریسی لیڈر منی شنکر ایئر ناراض

نئی دہلی ۔ 7؍ نومبر ۔ (اردو لائیو): امریکہ میں ڈونالڈ ٹرمپ کے انتخاب جیتنے پر سینئر کانگریس لیڈر منی شنکر ائیر نے مایوسی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کو مشکوک کردار کا حامل شخص قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی کہا ہے کہ اس سے وزیر اعظم نریندر مودی کی شبیہ پر بھی اثر پڑے گا۔ انہوں نے ڈیموکریٹ لیڈر کملا ہیرس کو کم وقت دیے جانے کی بات کہی ہے۔ ٹرمپ نے 295 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔
خبر رساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے ائیر نے کہا کہ ٹرمپ کو نہیں جیتنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے بہت دکھ ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ جیسے مشکوک کردار والے شخص کو دنیا کی سب سے طاقتور جمہوریت کا صدر منتخب نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ میں یہ بھی مانتا ہوں کہ وزیر اعظم مودی اور ٹرمپ کا ذاتی سطح پر خاص تال میل ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ وزیر اعظم مودی اور ان کی ترجیحات کو بری طرح سے ظاہر کرتا ہے۔
ڈیموکریٹ امیدوار کو لے کر انہوں نے کہاکہ کملا ہیرس کی جہاں تک بات ہے، تو انہیں بہت کم وقت دیا گیا تھا۔ وہ بعد میں آئیں تھیں۔ وہ بہت اچھا پرفارم کر رہی تھیں، لیکن امریکی سماج کی گہری خامیاں ان کے خلاف ایک ہو گئیں اور وہ اس ریس میں ہار گئیں۔ یہاں اخلاقی پہلو غائب تھا۔ ہیرس کو 226 الیکٹورل ووٹ ملے۔
ائیر نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک ہے کہ اتنے طاقتور ملک کی قیادت ایک ایسا شخص کرے گا، جو 34 الگ الگ معاملات میں قصوروار ٹھہرایا گیا ہے اور جس نے طوائفوں سے تعلقات بناکر اور اپنے گناہوں کو چھپانے کے لئے روپے دے کر بدنامی کروائی۔ مجھے نہیں لگتا کہ ایسے کردار کا شخص اپنے ملک یا دنیا کے لئے اچھا ہے۔
خبر رساں ادارہ کے مطابق، امریکہ میں صدارتی انتخاب میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی جیت کے بعد اسٹریٹجک امور کے ماہرین نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے تحت ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، لیکن درآمد کی جانے والی اشیاء پر ٹیرف لگانے جیسے کچھ مسائل پر عدم اطمینان کی صورتحال ہو سکتی ہے۔
ماہرین نے کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان مشکل مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کیے جانے کا امکان ہے کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ٹرمپ کے درمیان بہت اچھی دوستی ہے۔
ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں غیر ملکی اشیاء، خاص کر چین سے درآمد ہونے والی اشیاء پر زیادہ ‘‘ٹیرف’’ لگانے کی تجویز دی تھی اور امریکہ میں غیر قانونی طور پر رہ رہے دیگر ممالک کے لوگوں کو واپس ان کے ملک بھیجنے کے لیے ایک مہم شروع کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
یہ واضح ہونے کے کچھ ہی دیر بعد کہ ٹرمپ امریکہ کے اگلے صدر ہوں گے تو سینئر لیڈر و مواصلاتی امور کے اسٹریٹجک اینالسٹ اننگ مِتّل نے کہا کہ ریپبلکن پارٹی کے اہم رہنماوں کا ماننا ہے کہ 21ویں صدی کو شکل دینے میں ہندوستان-امریکہ تعلقات کا ‘‘اہم’’ کردار ہوگا۔



