
ممبئی ؍ نوئیڈا ۔ 30؍ اکٹوبر ۔ (اردو لائیو): بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو ایک بار پھر دھمکی ملی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دھمکی دینے والے شخص نے کروڑوں روپیے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک دن پہلے، پولیس نے این سی پی (نیشنلسٹ کانگریس پارٹی) کے اسمبلی امیدوار ذیشان صدیقی اور سلمان کو دھمکی دینے والے شخص کو نوئیڈا، اتر پردیش سے گرفتار کیا تھا۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق دھمکی دینے والے شخص نے ممبئی ٹریفک پولیس کو ایک پیغام بھیجا ہے۔ اس میں 2 کروڑ روپیے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ دھمکی آمیز پیغام ملنے کے بعد ممبئی کے ورلی میں پولیس نے شکایت درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ یہ دھمکی کس نے دی تھی۔
تقریباً دو ہفتے قبل این سی پی لیڈر بابا صدیقی کو ممبئی کے باندرہ علاقے میں حملہ آوروں نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ کہا جا رہا تھا کہ اس دوران ان کا بیٹا ذیشان بھی نشانہ پر تھے۔ صدیقی خاندان سلمان کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔
نوجوان کو ایک دن پہلے نوئیڈا سے گرفتار کیا گیا تھا
نرمل نگر پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے بتایا، ‘ملزم نے پہلے ایم ایل اے ذیشان صدیقی کے ہیلپ لائن نمبر پر دھمکی آمیز پیغام بھیجا اور بعد میں انہیں ‘‘وائس کال’’ کی، جس میں اس نے صدیقی اور اداکار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ یہ واقعہ جمعہ کو پیش آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پیر کو ایک کیس درج کیا گیا تھا اور تکنیکی ثبوت کی مدد سے ملزم کو نوئیڈا سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کو معاملے کی تفتیش کے لیے ممبئی لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فون کال باندرہ ایسٹ میں واقع ذیشان کے تعلقات عامہ کے دفتر کو کی گئی تھی۔
اس دوران نوئیڈا پولیس اسٹیشن سیکٹر 39 کے انچارج انسپکٹر جتیندر کمار سنگھ نے بتایا کہ نوئیڈا اور ممبئی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے سیکٹر 92 میں ایک زیر تعمیر مکان پر چھاپہ مارا اور وہاں سے طیب انصاری نامی شخص کو گرفتار کیا۔



