‘‘ایکس’’ نے ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کا اکاؤنٹ معطل کردیا

تہران ۔ 28؍ اکٹوبر ۔ (ایجنسیز): سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ایک نئے اکاؤنٹ کو معطل کر دیا، جس میں حالیہ دنوں میں عبرانی زبان میں پوسٹس کی جا رہی تھیں۔
یہ اکاؤنٹ آج پیر کی صبح معطل کیا گیا، جس کے ساتھ ‘ایکس’ نے وضاحت کی کہ اس اکاؤنٹ سے پوسٹ کی جانے والی مواد اس کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
یہ اقدام ایسے وقت میں آیا ہے جب اسرائیل نے پہلی مرتبہ کھلے عام ایران پر حملوں کا عندیہ دیا ہے۔ خامنہ ای نے اتوار کے روز اپنی تقریر میں اسرائیلی حملوں کے بارے میں کہا تھا کہ انہیں ”نہ زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا جانا چاہئے اور نہ ہی کم تر دکھایا جانا چاہئے،” مگر جوابی حملے کا ذکر نہیں کیا۔
اس اکاؤنٹ کو اتوار کے روز کھولا گیا، جس میں پہلے پیغام میں ‘بسم اللہ الرحمٰن الرحیم’ لکھا گیا تھا۔ خامنہ ای کے دفتر نے ماضی میں مختلف زبانوں میں پیغامات بھیجے ہیں اور کئی ایکس اکاؤنٹس سنبھالے ہیں۔
اتوار کو دوسرا پیغام خامنہ ای کی تقریر کا ایک اقتباس تھا، جس میں انہوں نے کہا کہ ‘‘صیہونی’ ایران کے متعلق اپنے تخمینوں میں غلطی کر رہے ہیں۔ وہ ایران اور ایرانی عوام کی طاقت اور عزم کو سمجھنے میں ناکام رہے ہیں۔’’
یہ پہلا موقع نہیں جب خامنہ ای کا اکاؤنٹ سوشل میڈیا سے معطل ہوا ہو۔ فروری میں بھی میٹا نے اسرائیل پر حملے کے بعد حماس کی حمایت کے الزام میں ان کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس معطل کر دیے تھے۔



