فلسطینمسلم دنیا

23 دنوں میں ایک ہزار فلسطینی شہید’ سینکڑوں لاپتہ ۔ شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کی منظم ریاستی دہشت گردی جاری

غزہ ۔ 27؍ اکٹوبر ۔ (پی آئی سی): غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی فوج کی منظم ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شمالی غزہ میں 23 دنوں کے دوران ایک ہزار شہری شہید ہو چکے ہیں۔ اس دوران، کمال عدوان ہاسپٹل سے 30 طبی عملے کے ارکان سمیت سینکڑوں فلسطینیوں کو اغوا کیا گیا، جن کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان خلیل الدقران نے قابض فوج کو ان اغوا شدہ طبی اہلکاروں کی زندگیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں صحت کے نظام کو مفلوج کر دیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کی بڑی تعداد کو ہلاک کرنا ہے۔

الدقران نے میڈیا کے سامنے بیان دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ شمالی غزہ کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی، اور شمالی غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ انسانی امداد کی فوری فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔

وزارت صحت نے یہ بھی اعلان کیا کہ قابض فوج نے کمال عدوان ہاسپٹل کے تمام مرد طبی عملے کو گرفتار کر لیا ہے، اور متعدد زخمی اور بیمار افراد بھی ان کے قبضے میں ہیں۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اتوار کے روز تصدیق کی کہ کمال عدوان ہاسپٹل، جو شمالی غزہ میں جزوی طور پر کام کرنے والا آخری ہاسپٹل ہے، پر حملہ کیا گیا ہے۔ 44 مرد ملازمین کو گرفتار کیا گیا، جبکہ صرف ایک خاتون ملازمہ اور ایک ڈاکٹر کو چھوڑا گیا۔ ہاسپٹل میں اب بھی دو سو سے زائد مریض اور زخمی موجود ہیں۔

تنظیم نے مزید کہا کہ غزہ میں صحت کا نظام ایک سال سے زیادہ عرصے سے مسلسل حملوں کا شکار ہے، اور یہ زور دیا کہ ہاسپٹلس کو ہر قسم کی جنگوں اور تنازعات سے محفوظ رکھا جانا چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button