مسلم دنیا

اسرائیل نے ایران پر حملے شروع کردیئے

تہران ۔ 26؍ اکٹوبر ۔ (ایجنسیز): اسرائیل نے ایران پر فضائی حملوں کا آغاز کر دیا ہے، اور تہران میں متعدد دھماکوں کی اطلاعات ملی ہیں جن کی تصدیق ایران کے سرکاری میڈیا نے کر دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایران میں فوجی اہداف کو یکے بعد دیگرے نشانہ بنایا ہے، اور شام میں بھی اسرائیل نے مختلف فوجی تنصیبات پر حملے کیے ہیں۔ اسی دوران، عراق کے شہر تکریت میں بھی دھماکے سننے کی اطلاعات ہیں، جس کے بعد عراقی حکومت نے تمام پروازیں تاحکم ثانی معطل کر دی ہیں۔

امریکی حکام نے بتایا ہے کہ اسرائیل نے ان حملوں سے قبل وائٹ ہاؤس کو آگاہ کر دیا تھا۔ امریکی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کی ان کارروائیوں میں امریکہ کا کوئی کردار نہیں، مگر وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ایران کی ایٹمی یا تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے سے گریز کیا ہے، اور حملوں کا مرکز صرف فوجی اہداف ہیں۔

اسرائیلی حکام نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایران میں پاسداران انقلاب کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ حملے ایران کی طرف سے ہونے والے حملوں کا جواب ہیں، اور اس دوران اسرائیل نے اپنے دفاعی نظام کو مکمل طور پر متحرک رکھا ہے۔ اسرائیلی حکام نے فوجی ریڈیو پر گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ایران کے اندر کئی اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایران میں پاسداران انقلاب کے ہیڈکوارٹر کے قریب بھی دھماکے سنے گئے، جبکہ تہران اور اس کے قریبی علاقے کرج میں پانچ زوردار دھماکے سننے میں آئے ہیں۔ تہران ایئرپورٹ کے قریب بھی ایک دھماکے کی اطلاع ہے، اور دمشق کے دیہی اور وسطی علاقوں میں بھی دھماکوں کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔

ایرانی اہداف پر اسرائیلی حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں کئی اہم مقامات پر آگ بھی لگ گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button