فلسطینمسلم دنیا

حماس قائد یحییٰ السنوار کی دلیرانہ شہادت کے آخری لمحات کی تفصیلات (ویڈیو)

غزہ ۔ 21؍ اکٹوبر ۔ (پی آئی سی): اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران جماعت کے سربراہ یحییٰ السنوار کی شہادت کے لمحات کی تفصیلات ایک ویڈیو کلپ میں پیش کی ہیں۔ یہ ویڈیو کلپ سنوار کی اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ آخری جھڑپ اور ان کی دلیرانہ مزاحمت کی عکاسی کرتا ہے۔

اتوار کی شام اسرائیلی چینل 12 پر نشر کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کیسے قابض فوجیوں کا ایک گروپ السنوار کے ساتھ جھڑپ میں مصروف ہوا، جس میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوا۔ یہ ویڈیو ایک فوجی کے ہیلمٹ پر نصب کیمرے کی مدد سے بنائی گئی ہے، جو اس جھڑپ کی اصل حقیقت کو دنیا کے سامنے لاتی ہے۔

ویڈیو کے مطابق، 16 اکتوبر کو بدھ کی صبح 10 بجے اسرائیلی فوج کی 450 ویں بٹالین کے ایک سپاہی نے رفح شہر کے مشرقی علاقے تل السلطان میں کچھ مشتبہ افراد کو گھومتے دیکھا۔ سپاہی نے اپنے کمانڈر کو اطلاع دی کہ اسے وہاں تین مسلح افراد نظر آ رہے ہیں، جو ممکنہ طور پر کسی عمارت کے اندر ہو سکتے ہیں۔

اسرائیلی فوجی فوری طور پر حرکت میں آئے اور بٹالین کی ایک فورس موقع پر پہنچ گئی۔ فوجیوں نے دیکھا کہ تین افراد آگے چل رہے تھے، دو افراد نے کمبل اوڑھا ہوا تھا جبکہ تیسرا ان کے پیچھے جنگی جیکٹ پہنے ہوئے تھا۔ ان کے ہاتھوں میں پستول تھے اور ان کے چہروں پر نقاب تھے۔

حماس کے کمانڈر یحییٰ السنوار اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ جھڑپ کے ابتدائی لمحات اسرائیلی فوجی کے ہیلمٹ پر لگے کیمرے میں ریکارڈ ہو گئے۔ السنوار چلتے چلتے اپنے ساتھیوں سے الگ ہو کر ایک مکان میں داخل ہو گئے، جبکہ ان کے دو ساتھی ایک قریبی گھر میں چلے گئے۔

ایک اسرائیلی فوجی نے ریڈیو پر اپنے کمانڈر کو بتایا کہ اس نے ایک شخص کو مکان کے اندر جاتے ہوئے دیکھا ہے، اور بعد ازاں یحییٰ السنوار نے قابض فوجیوں پر فائرنگ شروع کر دی۔ السنوار نے اسرائیلی فوجیوں پر ہینڈ گرنیڈ پھینکنے کی کوشش کی، تاہم اسی لمحے اسرائیلی ٹینک حرکت میں آیا اور اس مکان پر گولہ باری کر دی۔

کیمرے میں یہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ السنوار زخمی ہونے کے بعد مکان کی دوسری منزل کی جانب بڑھے۔ اسرائیلی فوج کے کمانڈر نے حملہ کرنے سے قبل معلومات کے حصول کے لیے ایک ڈرون بھیجا، تاہم کسی کو یہ اندازہ نہیں تھا کہ جس مجاہد کی ویڈیو بن رہی ہے، وہ حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار ہیں۔

اسرائیلی چینل 12 کے مطابق فوجی دستے فائرنگ کی آڑ میں آگے بڑھے، اور ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ کے بعد اسرائیلی ٹینک نے مکان کی دوسری منزل پر گولہ فائر کیا۔ جھڑپ کے آخری لمحات میں السنوار عمارت میں تنہا رہ گئے تھے، جس کے بعد ٹینک کے گولے نے ان کی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔

قابض فوجی کئی گھنٹوں تک مکان میں داخل ہونے کی ہمت نہیں کر سکے، انہیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ وہ اسرائیل کو مطلوب ترین شخص، یحییٰ السنوار کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ دو دن بعد اسرائیلی حکام نے السنوار کے قتل کا نیا بیانیہ پیش کرنے کی کوشش کی، لیکن اس ویڈیو نے اسرائیلی دعوؤں کو جھوٹا ثابت کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ السنوار بہادری کے ساتھ اپنی آخری سانس تک لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔

یحییٰ السنوار کی شہادت ایک یادگار لمحہ ہے جس نے دشمن کی گمراہ کن حکمت عملیوں کو بے نقاب کیا اور دنیا کو یہ دکھا دیا کہ کس طرح فلسطینی کمانڈر نے اپنی سرزمین اور عوام کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button