ملعون یتی نرسنگھانند کی تائید میں ہندوتوا تنظیموں کا غازی آباد میں مہا پنچایت کا اعلان

غازی آباد ۔ 10؍ اکٹوبر ۔ (اردو لائیو): اتر پردیش کے غازی آباد میں پیغمبر اسلامﷺ کی شان میں گستاخی کے بعد سے ماحول مسلسل کشیدہ ہے۔ ایک طرف جہاں مسلمان’ ملعون یتی نرسنگھانند کی گرفتاری نہ ہونے سے غم و غصہ میں ہیں تو دوسری طرف ہندوتوا تنظیمیں بھی ملعون نرسنگھانند کی تائید میں بار بار سڑکوں پر اتر رہی ہیں اور 13 ااکٹوبر کو مہاپنچایت کا اعلان کیا گیا ہے۔ وہیں، پولیس نے کہا ہے کہ پورے غازی آباد ضلع میں بی این ایس کی دفعہ 163 نافذ ہے اور اس کے لیے اجازت نہیں دی گئی ہے۔
مہاپنچایت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی خوب تشہیر کی جا رہی ہے۔ ‘‘چلو ڈاسنا’’ کا نعرہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شیو شکتی دھام کی حفاظت کی منصوبہ بندی کرنے کے لیے ہندو سماج کی تمام 36 برادریوں کی مہاپنچایت بلائی گئی ہے۔ شیو شکتی دھام ڈاسنا میں 13 ااکٹوبر کو صبح 10 بجے مہاپنچایت کا انعقاد کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ وہیں، غازی آباد پولیس نے کہا ہے کہ پورے غازی آباد میں دفعہ 163 بی این ایس کے تحت امتناعی حکم نافذ ہے اور ایسے کسی پروگرام کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ بی این ایس کی دفعہ 163 نافذ ہونے پر پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوتی ہے۔



