کانگریس امیدوار ممن خان نے ہریانہ اسمبلی انتخابات میں حاصل کی سب سے بڑی جیت

فیروز پور جھرکہ’ ہریانہ ۔ 8؍ اکٹوبر ۔ (اردو لائیو): ہریانہ میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کی تصویر تقریباً واضح ہو چکی ہے۔ بی جے پی تقریباً 50 نشستوں پر جیت ؍ برتری حاصل کر چکی تھی، تو وہیں اقتدار حاصل کرنے کا یقین لے کر میدان میں اتری کانگریس کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ تاہم نوح میں کانگریس نے کلین سویپ کیاہے ۔ ضلع کی تینوں نشستوں پر کانگریس نے یکطرفہ کامیابی حاصل کی۔ فیروز پور جھرکہ نشست پر انجینئر ممن خان نے صوبے میں سب سے بڑی جیت حاصل کی۔ ممن خان نے 98441 ووٹ سے کامیابی درج کی۔
انجینئر ممن خان کو کُل 130497 ووٹ ملے ہیں۔ وہ پہلے راؤنڈ سے آخری راؤنڈ تک مسلسل برتری حاصل کرتے رہے۔ بی جے پی نے بھی ممن خان کے خلاف مسلم امیدوار اتارا تھا، لیکن پارٹی کا یہ داؤ ممن خان کے سامنے نہ چل سکا۔ بی جے پی کے امیدوار نسیم احمد کو کُل 32056 ووٹ ملے۔ انڈین نیشنل لوک دل کے محمد حبیب کو 15638 ووٹ ملے۔ جن نائک جنتا پارٹی کے جان محمد صرف 720 ووٹ حاصل کر سکے۔ عام آدمی پارٹی کے امیدوار وسیم جعفر کو صرف 234 ووٹ ملے۔
ممن خان کے علاوہ جن لوگوں نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے، ان میں بھوپندر سنگھ ہڈا، بادشاہ پور سے بی جے پی کے راؤ نربیر سنگھ، فرید آباد سے بی جے پی کے وپل گوئل، نوح سے کانگریس کے امیدوار آفتاب احمد، پانی پت دیہی سے بی جے پی کے مہیپال ڈھانڈا، پٹودی سے بیملا چودھری وغیرہ شامل ہیں۔ سب سے بڑی جیت کے معاملے میں ہڈا دوسرے نمبر پر رہے۔ تاہم مجموعی ووٹوں کے معاملے میں ممن خان ان سے آگے ہیں۔



