مسلم دنیا

حزب اللہ نے حسن نصر اللہ کی شہادت کی تصدیق کردی۔ حماس نے کیا گہرے دکھ کا اظہار

بیروت ۔ 28؍ ستمبر ۔ (ایجنسیز): لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اپنے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے اور اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔ حزب اللہ کے چینل المنار پر اس خبر کا اعلان کیا گیا۔
تنظیم نے کہا ہے کہ وہ غزہ اور فلسطین کی حمایت میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور لبنان کے دفاع کے لیے اسرائیل کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کریں گے۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے نصر اللہ کی شہادت کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، جبکہ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بیروت میں ایک فضائی حملے میں حسن نصر اللہ کو نشانہ بنایا۔
حماس اور عراقی رہنما مقتدیٰ الصدر نے بھی حسن نصر اللہ کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے حزب اللہ کے سینئر رہنما علی کرکی کو بھی اسی حملے میں ہلاک کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اسرائیل نے بیروت میں متعدد رہائشی عمارتوں پر حملے کیے، جس میں 15 میزائل داغے گئے۔ اس کے نتیجے میں 6 عمارتیں تباہ ہوئیں، 8 افراد ہلاک اور 91 زخمی ہوئے۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حسن نصر اللہ اس حملے میں نشانہ بننے والی عمارت میں 14 منزلوں کے نیچے مقیم تھے۔
اسرائیل کے حالیہ حملوں میں حزب اللہ کے میزائل یونٹ کے کمانڈر محمد علی اسماعیل اور ان کے نائب حسین احمد اسماعیل کی شہادت کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر حملے جاری رکھے ہیں، اور گزشتہ رات 65 راکٹ فائر کیے، جس سے اسرائیلی علاقوں میں آگ لگ گئی۔ تل ابیب میں حملوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور فضائی دفاعی نظام کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
ادھر، یمنی فوج نے بھی بحیرہ احمر میں 3 امریکی جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button