اب لبنان میں واکی ٹاکی دھماکے۔ 3 شہید’ 100 سے زائد زخمی

بیروت ۔ 18؍ ستمبر ۔ (ایجنسیز): لبنان میں منگل کو پیجرز میں ہونے والے دھماکوں کے بعد اب واکی ٹاکیز میں بھی دھماکے ہوئے ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق اس حملے میں اب تک 3 افراد شہید جب کہ سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ دارالحکومت بیروت کے کئی علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ان میں سے ایک دھماکہ حزب اللہ کے رکن اسمبلی علی عمار کے بیٹے کی نماز جنازہ کے دوران ہوا۔ وہ 17 ستمبر کو پیجر میں ہونے والے دھماکے میں شہید ہوگئے تھے۔ لبنان میں حزب اللہ کے جنگجو ان واکی ٹاکیز کو ایک دوسرے سے بات چیت کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے درمیان لبنان میں یہ دوسرا بڑا تکنیکی حملہ ہے۔ اس سے قبل برطانوی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد نے حزب اللہ کے 5000 پیجرز میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔
یہ پیجرز کوڈ کی مدد سے کام کرتے ہیں۔ انہیں اس سال کے شروع میں لبنان بھیجا گیا تھا۔ منگل کو ان پیجرز پر ایک پیغام آیا جس نے دھماکہ خیز مواد کو متحرک کردیا۔ اس حملے میں 12 افراد شہید ہوئے تھے۔ شہید ہونے والوں میں حزب اللہ کے 8 ارکان اور 2 بچے شامل ہیں۔ اس حملے میں 3000 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں لبنان میں ایران کے سفیر بھی شامل ہیں۔



