آتشی دہلی کی نئی چیف منسٹر ہوں گی۔ کیجریوال کا اعلان

نئی دہلی ۔ 17؍ ستمبر ۔ (اردو لائیو): کیجریوال حکومت میں وزیرِ تعلیم آتی شی مارلینا دہلی کی نئی وزیرِ اعلیٰ ہوں گی۔ اروند کیجریوال نے منگل کو عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں ان کے نام کا تجویز پیش کیا۔
گوپال رائے نے آتی شی کے نام کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات میں یہ فیصلہ کیا ہے۔ کیجریوال پر الزامات لگائے گئے، اور ان کے خلاف کیچڑ اچھالا گیا، اس لیے انہوں نے جیل میں رہ کر عوامی حکومت چلائی اور باہر آکر استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔
شام 4:30 بجے کیجریوال نائب گورنر (ایل جی) ونئے سکریانہ کو استعفیٰ پیش کریں گے۔ اسی ہفتہ نئی وزیرِ اعلیٰ اور کابینہ کا حلف اٹھانے کی تقریب بھی ہوگی۔ 26 اور 27 ستمبر کو دو دن کیلئے اسمبلی اجلاس بلایا گیا ہے۔
13 ستمبر کو شراب پالیسی کیس میں سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد کیجریوال نے 15 ستمبر کو وزیرِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ‘‘اب عوام فیصلہ کریں کہ میں ایماندار ہوں یا بے ایمان۔ اگر عوام نے مجھ پر لگے داغ کو دھو دیا تو میں اسمبلی انتخابات جیتوں گا اور دوبارہ عہدے پر بیٹھوں گا۔’’



