بنگلہ دیش نے ٹسٹ سیریز میں پاکستان کو تاریخی شکست دیدی۔ سیریز میں 2-0 سے کلین سویپ کیا

راولپنڈی ۔ 3؍ ستمبر ۔ (ایجنسیز): بنگلہ دیش نے پاکستان کو دوسرے ٹسٹ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی ہے۔ ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بنگلہ دیش نے پہلی بار پاکستان کے خلاف سیریز جیتی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 6 ٹسٹ سیریز کھیلی گئی ہیں، جن میں سے 5 میں پاکستان نے فتح حاصل کی تھی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا۔ میچ کے آخری دن نجم الحسن شانتو کی قیادت میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 6 وکٹ سے شکست دی۔ بنگلہ دیش کے لیے لٹن داس نے پہلی اننگز میں سنچری بنائی۔
پہلے ٹسٹ میں بھی بنگلہ دیش نے 10 وکٹ سے تاریخی فتح حاصل کی تھی۔ ٹسٹ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف یہ بنگلہ دیش کی پہلی فتح تھی۔ دونوں ٹیموں نے سال 2001 میں پہلی بار ٹسٹ میچ کھیلا تھا۔
دوسری اننگز میں شانتو-مومن الحق کے درمیان 119 رنز کی شراکت
پاکستانی ٹیم پیر کو دوسری اننگز میں 172 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ٹیم نے بنگلہ دیش کو فتح کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا تھا۔ بنگلہ دیش نے آج یعنی منگل کو اپنی دوسری اننگز میں 42 رنز کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ بنگلہ دیش کی طرف سے دوسری اننگز میں کپتان نجم الحسن شانتو اور مومن الحق کے درمیان 57 گیندوں پر 119 رنز کی شراکت ہوئی۔ ٹیم کے لیے ذاکر حسن نے 40، شانتو نے 38، مومن الحق نے 34، اور شادمان اسلام نے 24 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش پہلی اننگز میں 262 پر آل آؤٹ، شہزاد کو 6 وکٹ
اتوار کو میچ کے تیسرے دن بنگلہ دیش پہلی اننگز میں 262 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ٹیم نے ایک وقت 26 رنز پر 6 وکٹیں گنوا دی تھیں۔ یہاں لٹن داس اور مہدی حسن نے 165 رنز کی شراکت کرکے ٹیم کو 190 پار پہنچایا۔ لٹن نے 138 اور مہدی حسن نے 78 رنز بنائے۔ پاکستان کے لیے خرّم شہزاد نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔
لٹن داس کی سنچری
لٹن داس نے پہلی اننگز میں 228 گیندوں پر 138 رنز بنائے۔ ان کے ٹسٹ کیریئر کی یہ چوتھی سنچری تھی۔ جبکہ پاکستان کے خلاف دوسری سنچری ہے۔ وہ پاکستانی ٹیم کے خلاف ٹسٹ کرکٹ میں دو سنچریاں بنانے والے بنگلہ دیش کے پہلے کھلاڑی ہیں۔
پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز تک محدود رہی
مقابلے کے دوسرے دن ہفتہ کو ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے اتری پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز پر سمٹ گئی تھی۔ ٹیم کی طرف سے صائم ایوب (58)، کپتان شان مسعود (57) اور آغا سلمان (54) نے نصف سنچریاں بنائیں۔ جبکہ بنگلہ دیش کی طرف سے اسپن گیند باز مہدی حسن مراد نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی پہلی اننگز کے جواب میں بیٹنگ کرنے اتری بنگلہ دیش کی ٹیم نے دوسرے دن کے اختتام تک بغیر کسی وکٹ گنوائے 10 رنز بنائے۔
پہلا دن بارش کی نذر
راولپنڈی کے میدان پر کھیلے جا رہے اس میچ کا پہلا دن بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ مقابلے کی شروعات ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے سے ہونی تھی، لیکن بارش کی وجہ سے دوپہر 12:45 بجے تک ٹاس بھی نہیں ہو سکا تھا۔ اس کے بعد بارش کے نہ رکنے کی وجہ سے امپائرز نے پہلے دن کا کھیل ختم کر دیا۔
ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں پاکستان اور سری لنکا سے آگے بنگلہ دیش
بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت کر اس ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں تیسری فتح حاصل کی۔ ٹیم کے اب 6 ٹیسٹ میچوں میں 3 فتح اور 3 شکست سے 33 پوائنٹس ہیں۔ ٹیم اب ویسٹ انڈیز، پاکستان اور سری لنکا سے آگے نکل چکی ہے۔
سری لنکا 33.33% پوائنٹس کے ساتھ 7ویں، پاکستان 22.22% پوائنٹس کے ساتھ 8ویں اور ویسٹ انڈیز 18.52% پوائنٹس کے ساتھ 9ویں نمبر پر ہے۔ بھارت 68.52% پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور آسٹریلیا 62.50% پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔



