عامر خان کا ریسلر ونیش پھوگاٹ کو ویڈیو کال’ اولمپک کارکردگی پر تعریف کی

ممبئی ۔ 2؍ ستمبر ۔ (اردو لائیو): بالی ووڈ اداکار عامر خان نے ریسلر ونیش پھوگاٹ سے ویڈیو کال پر بات چیت کی ہے۔ دونوں کی ویڈیو کال پر بات چیت کرتے ہوئے کچھ تصاویر حال ہی میں سامنے آئی ہیں اور سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ویڈیو کال کے دوران عامر خان نے ونیش کو اولمپکس 2024ء کے سفر پر مبارکباد دی۔ ونیش بھی عامر کے اس کال سے حیران اور خوش ہیں۔
اولمپک فائنل سے پہلے نااہل ہو گئی تھیں ونیش پھوگاٹ
ہندوستانی ریسلر ونیش نے پچھلے ماہ ہوئے پیرس اولمپک کے 50 کیلوگرام ویمن فری اسٹائل ریسلنگ کے فائنل میں اپنی جگہ بنائی تھی لیکن میچ سے ٹھیک پہلے اوور ویٹ ہونے کے باعث انہیں نااہل قراردیا گیا تھا۔
اولمپک سے نااہل ہونے کے بعد ونیش نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) اور یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو) کے فیصلے کے خلاف کورٹ آف آربیٹریشن فار اسپورٹس (سی اے ایس) میں اپیل کی تھی۔
ایک ہفتہ کی سماعت کے بعد سی اے ایس نے بھی ان کی اپیل مسترد کر دی تھی اور ونیش کو بغیر میڈل کے واپس لوٹنا پڑا۔ اس کے بعد ونیش نے ملک واپس آنے سے پہلے ہی انٹرنیشنل ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔
عامر اس سال کرسمس پر ریلیز ہونے والی ‘‘ستارے زمین پر’’ میں نظر آئیں گے۔ جبکہ پروڈیوسر کے طور پر وہ سنی دیول کی فلم ‘‘لاہور1947’’ سمیت کئی پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔



