تریپورہ میں مورتی کو نقصان پہنچانے کے بعدتشدد’ مکانات کو آگ لگادی گئی

اگرتلہ ۔ 26؍ اگسٹ ۔ (اردو لائیو): مغربی تریپورہ کے رانیربازار علاقے میں ایک مندر میں مورتی کو نقصان پہنچانے کے بعد شرپسندوں نے کم سے کم 12 گھروں کو آگ لگا دی اور کئی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے علاقے میں سیکیوریٹی فورسز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نامعلوم شرپسندوں نے مندر میں ایک مورتی کو نقصان پہنچایا تھا۔ جس کے بعد تشدد پھوٹ پڑا۔ عینی شاہدین کے مطابق مشتعل ہجوم کو دیکھ کر لوگوں کو اپنی جان بچانے کے لیے اپنے گھروں سے بھاگنا پڑا۔
اسسٹنٹ انسپکٹر (لا اینڈ آرڈر) اننت داس نے بتایاکہ اتوار رات دیر گئے رانیربازار میں شرپسندوں نے تقریباً 12 گھروں کو آگ لگا دی۔
جس کی وجہہ موٹر سائیکلس اور پک اپ وین بھی جل کر خاکستر ہو گئے۔ واقعہ میں کسی کے ہلاک ہونے ابھی تک کوئی خبر نہیں ہے۔
داس نے کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور مغربی تریپورہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے علاقے کا دورہ کرتے ہوئے کہاکہ املاک کے نقصان کا تخمینہ مکمل ہونے کے بعد پولیس ازبخود مقدمہ درج کرے گی۔ ابھی صورتحال قابو میں ہے۔



