تلگو فلم اسٹار ناگارجن کے غیر قانونی کنونشن سنٹر پر چلا بلڈوزر

حیدرآباد ۔ 24؍ اگسٹ (اردو لائیو): معروف تلگو فلم اسٹار ناگارجن کے حیدرآباد میں واقع غیر قانونی این کنونشن سنٹر کو ہفتہ، 24 اگست کو حیدرا کی جانب سے بلڈوزر سے منہدم کردیا گیا۔ انہوں نے یہ سنٹر رنگا ریڈی ضلع کے شلپرامم کے پاس مادھاپور میں ہائی ٹیک سٹی کے قریب بنایا تھا۔
اداکار پر الزام تھا کہ انہوں نے جھیل کی زمین پر اس سنٹر کی غیر قانونی تعمیر کرائی تھی۔ حیدرآباد ڈیزاسٹر ریلیف اینڈ پراپرٹی پروٹیکشن ایجنسی (حیدرا) کی ٹیم نے آج صبح انہدامی کارروائی انجام دی۔
دوسری جانب ناگارجن نے اس کارروائی پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر عدالت اسے منہدم کرنے کا فیصلہ دیتی، تو میں خود اسے منہدم کر دیتا۔ مجھے امید ہے کہ افسروں کی اس غلط کارروائی پر عدالت سے ہمیں راحت ملے گی۔
ناگارجن نے کہاکہ اس کارروائی سے دکھ ہوا
ناگارجن نے اس کارروائی پر ناراضگی ظاہر کی۔ اپنے آفیشل X اکاؤنٹ پر ٹویٹ کیاکہ عدالت اسٹے آرڈر لینے کے بعد بھی غیر قانونی طریقہ سے کنونشن سنٹر کو منہدم کیا گیا۔ ہم نے غیر قانونی تعمیر نہیں کی ہیں۔ یہ جگہ پٹہ زمین ہے۔ جھیل کی ایک انچ زمین کا بھی استعمال نہیں کیاگیا۔ اس سنٹر سے جڑی جتنی بھی شکایات ہوئی تھیں، ان پر اسٹے آرڈر لیا گیا تھا۔ آج غلط معلومات کی بنیاد پر اسے منہدم کیا گیا ہے۔ سنٹر کو منہدم کرنے سے پہلے ہمیں کوئی نوٹس بھی نہیں دیا گیا تھا۔
این کنونشن سنٹر 6.69 ایکڑ محیط تھا’ باقی 3.40 ایکڑ پر قبضہ کیا گیا
این کنونشن سینٹر 6.69 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا گیا تھا۔ اسے تھممی کنٹہ جھیل کی 3.30-3.40 ایکڑ اراضی پر قبضہ کرکے بنایا گیا تھا۔ حیدرآباد کے بھاسکر ریڈی سمیت کئی شکایت کنندگان نے HYDRA سے شکایت کی تھی۔ اس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔
یہ کنونشن سنٹر 29 ایکڑ اراضی پر پھیلی تھممی کنٹہ جھیل پر تعمیر کیا گیا تھا
تھممی کنٹہ جھیل 29 ایکڑ میں پھیلی ہے۔ اسی کے پاس ناگارجن نے این کنونشن سنٹر تعمیر کیا تھا۔ این کنونشن سنٹر میں کل تین ہال تھے۔ انہیں بڑے بڑے پروگرام کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ اس کنونشن سنٹر میں کئی سیاسی پارٹیاں، اجتماع اور شادیاں ہو چکی ہیں۔ گزشتہ سال ٹالی ووڈ اداکار اور چرنجیوی کے بھتیجے ورون تیج اور لاونیا ترپاٹھی کا شادی کا استقبالیہ 5 نومبر کو این کنونشن سنٹر میں ہی ہوا تھا۔



