ہندوستان

ادے پور تشدد: طالب علم ایان شیخ کے گھر پر چلا بلڈوزر

ادے پور ۔ 17؍ اگسٹ ۔ ( اردو لائیو): راجستھان کے ادے پور میں دو نابالغ دسویں جماعت کے طلباء ایان شیخ اور دیوراج موچی کے بیچ پیش آئے چاقو زنی کے واقعہ کے بعد آج ادے پور میونسپل کارپوریشن نے ایان شیخ کے گھر پر بلڈوزر چلادیا۔ انہدامی کارروائی سے قبل مکان کا بجلی کا کنکشن منقطع کردیا گیا۔ یہ انہدامی کارروائی محکمہ جنگلات کی نوٹس پر کی گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزم کا مکان محکمہ جنگلات کی اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس وقت راجستھان میں بھجن لال شرما کی زیر قیادت بی جے پی کی حکومت قائم ہے۔
محکمہ جنگلات کی ٹیم طالب علم ایان شیخ کے گھر پہنچی’ جس کے بعد گھر پر بلڈوزر چلا کر اسے تباہ کر دیا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ادے پور میونسپل کارپوریشن کے افسران ہفتہ کی دوپہر ہی اپنی پوری ٹیم کے ساتھ جے سی بی لے کر ایان شیخ کیر گھر پر پہنچ گئے۔ سب سے پہلے انہوں نے مکان کا بجلی کا کنکشن منقطع کردیا۔ اس کے بعد جلدی جلدی میں مکان کو خالی کرایا گیا’ اور دو جے سی بی نے مکان منہدم کرنے کی کارروائی شروع کر دی۔ اس دوران موقع پر عوام کی بڑی تعداد جمع ہوگئی تھی۔
یاد رہے کہ جمعہ صبح سرکاری اسکول میں دسویں کلاس کے دو طلباء کے درمیان جھگڑے کے بعد ایک نے طالب علم نے دوسرے طالب علم پر چاقو سے حملہ کر دیا تھا۔ جس کے باعث شہر میں ماحول کشیدہ ہو گیا۔ تشدد بھڑکنے کے بعد ضلع میں دفعہ 163 نافذ کردیا گیا تھا۔ انٹرنیٹ بند کرنے کے علاوہ 17 اگست 2024 سے اگلے حکم تک پہلی جماعات سے 12 ویں جماعت تک کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری طرف ادے پور میں دو اسکولی طلباء کے درمیان جھگڑے میں چاقوزنی کے واقعہ کے بعد محکمہ تعلیم نے معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے طلباء کو اسکول میں کسی بھی قسم کی نوکیلی چیز’ چاقو، قینچی یا دیگر تیز دھار ہتھیار لانے پر پابندی لگادی ہے۔ جبکہ اسکول کے سربراہ کو اس حکم کو نوٹس بورڈ پر چسپاں کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسکول کے اساتذہ کو بھی ہدایات دی گئی ہے کہ وہ طلباء کے بیگس اور دیگر سامان کو باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button