کینیڈا میں دردناک سڑک حادثہ۔ 3 ہندوستانی طلباء کی موت

کینیڈا۔ 30؍ جولائی۔ کینیڈا میں ایک دردناک سڑک حادثے میں پنجاب کے تین طالب علموں کی موت واقع ہو گئی ہے۔ ان میں دو سگے بھائی بہن بھی شامل ہیں۔ مرنے والوں میں دو لڑکیاں اور ایک لڑکا شامل ہیں۔ مہلوکین کی شناخت لدھیانہ کے ملاؤد گاؤں کے دو بھائی بہنوں 23 سالہ ہرمن سومل اور 19 سالہ نوجوت سومل کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ہرمن مانکٹن کے ایک ڈے کیئر میں کام کرتی تھی، جبکہ نوجوت سومل کچھ مہینے پہلے ہی اسٹڈی ویزا پر کینیڈا گیا ہوا تھا۔ ایک اور مہلوک کی پہچان رسمدیپ کور کے طور پر ہوئی ہے، جو پنجاب کے سنگرور ضلع کی سمانا کی رہنے والی تھی۔ ٹربیون کے مطابق وہ بھوپندر سنگھ اور سچیت کور کی بیٹی تھیں۔یہ دونوں بھی سرکاری ٹیچر ہیں۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ان کی ٹیکسی کا ایک ٹائر پھٹ گیا اور کار بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہو گئی۔ کار میں ڈرائیور کے علاوہ تین لوگ سوار تھے۔ حادثہ ہوتے ہی تینوں طلباء اچھل کر سڑک پر گر پڑے جس سے انکی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ سبھی پی آر کے لیے درخواست دے کر لوٹ رہے تھے کہ یہ حادثہ آیا۔ حادثہ کی وجوہات کی ابھی جانچ کی جا رہی ہے۔ تاہم ابتدائی رپورٹوں کے مطابق خراب راستہ اور خراب موسم حادثہ کی وجہہ ہوسکتا ہے۔
رائل کینیڈین پولیس کے مطابق یہ حادثہ کینیڈا کے نیو برنسوک کے مل کوو میں ہائی وے نمبر دو پر 27؍ جولائی کی رات 9.35 بجے پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ٹائر پھٹنے سے یہ حادثہ ہوا ہے۔ حادثے میں کار ڈرائیور کو زیادہ شدید زخم نہیں آئے ہیں لیکن وہ ابھی ہاسپٹل میں شریک ہے۔
دریں اثناء مرنے والے طلباء کے اہل خانہ نے حکومت سے ان کی نعشیں واپس لانے کی اپیل کی ہے تاکہ ان کی آخری رسومات ادا کی جاسکیں۔
وزارت خانہ کے مطابق پچھلے پانچ سالوں میں حادثات اورپرتشدد حملوں سمیت مختلف وجوہات کی وجہہ سے 633 ہندوستانی طلباء کی بیرون ملک اموات واقع ہو چکی ہیں۔ کینیڈا میں سب سے زیادہ 172 اموات ہوئیں، جبکہ امریکہ میں 108 اموات ہوئیں ہیں۔



