ریٹائرڈ فوجی نے 6 ماہ کے معصوم سمیت خاندان کے 5 افراد کو قتل کردیا

امبالہ’ ہریانہ : 22؍ جولائی: ہریانہ کے امبالہ میں ایک بیحد افسوک ناک واقعہ پیش آیا۔ یہاں ایک ریٹائرڈ فوجی صوبیدار نے مبینہ طور پر اپنے ہی خاندان کے پانچ افراد کا قتل کردیا۔ مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ اطلاع کے مطابق واقعہ اتوار کی رات کا ہے۔ مرنے والوں کی شناخت 65 سالہ ماں سروپی دیوی، 35 سالہ بھائی ہریش کمار، ہریش کی بیوی سونیا 32 سالہ، بیٹی یاشیکا 5 سالہ اور 6 ماہ کے بیٹے میانک کے طور پر کی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ملزم کا نام بھوشن کمار ہے۔ اس نے اس رات سب سے پہلے تیزدار ہتھیار سے بھائی پر حملہ کیا۔ اسکے بعد اس نے ایک ایک کرکے پورے خاندان کو قتل کر دیا۔ قتل کے بعد اس نے نعشوں کو جلانے کی بھی کوشش کی۔ بھوشن نے اپنے والد اور بھائی ہریش کی بڑی بیٹی پر بھی حملہ کیا تھا۔ انہیں شدید چوٹیں آئی ہیں اور علاج کے لیے قریب کے ہاسپٹل میں داخل کیا گیا ہے۔
پولس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ دونوں بھائیوں میں زمین کو لیکر تنازعہ تھا۔ نارائن گڑھ کے رتوڑ میں ایک زمین تھی جس پر دونوں کا دعویٰ تھا۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ کے بعد پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ واقعہ کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ملزم بھوشن کمار فی الحال فرار ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ اسے جلد ہی گرفتار کر لیا جائیگا۔



