جلد واپسی کر سکتے ہیں محمد شامی، باؤلنگ پریکٹس کی ویڈیو شیئر کی

دہلی۔ 17؍ جولائی: (یو ایل): محمد شامی نے سوشل میڈیا پر باؤلنگ پریکٹس کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جسمیں وہ آہستہ سے گیندبازی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ شامی پچھلے سال ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے بعد سے ٹیم سے باہر ہیں۔
ہندوستانی ٹیم کے تیز گیندباز محمد شامی طویل عرصے سے کرکٹ سے دور ہیں۔ پیر میں چوٹ لگنے کی وجہہ سے ہندوستانی ٹیم سے باہر ہیں۔ حالانکہ پچھلے کچھ مہینوں سے وہ واپسی کے لیے پوری کوشش کررہے ہیں اور سوشل میڈیا پر باؤلنگ پریکٹس کی کئی ویڈیو شیئر کی ہے۔ شامی نے آخری میچ پچھلے سال ون ڈے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا، جہاں پر وہ اپنے کریئر کے بہترین فارم میں تھے۔ محمد شامی کی فروری میں ایڑی کی سرجری ہوئی تھی۔ چوٹ کی وجہہ سے وہ آسٹریلیا کے خلاف گھریلو سیریز نہیں کھیل سکے تھے، اسکے بعد وہ انڈین پریمیئر لیگ 2024 اور آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سے بھی باہر ہو گئے۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے، شامی مسابقتی کرکٹ میں واپسی کے لیے کمر کس لی ہے۔
محمد شامی نے منگل کو انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کیا ہے، جسمیں وہ نیٹ میں گیندبازی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ انکے اس پوسٹ پر کلدیپ یادو اور سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھاکہ تیز گیندباز شامی ٹخنے کے زخم سے صحت یاب ہوگئے ہیں۔ لیکن انہوں نے ابھی تک پوری تیزی سے گیندبازی شروع نہیں کی ہے۔ محمد شامی نے ٹیم انڈیا کے لیے آخری بار 2023 ون ڈے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا، جہاں پر انہوں نے اپنے دَم پر مخالف ٹیموں کو دن میں تارے دیکھا دئے تھے۔ انہوں نے سات میچوں میں 24 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران شامی انجکشن لیکر اپنا درد کم کرتے تھے۔
محمد شامی نے ٹخنے کے درد کی وجہہ سے ساؤتھ افریقہ سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم سے بھی نام واپس لے لیا تھا۔ شامی کے لگاتار ٹیم سے باہر ہونے پر ٹیم انڈیا نے مکیش کمار اور ارشدیپ سنگھ کو زیادہ موقع دیے۔ تیز گیندباز شامی سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز سے بھی باہر ہوجائیں گے۔ مہمان ٹیم کے تیز گیندباز جسپریت بمراہ کو سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے لیے آرام دئے جانے کی امید ہے۔ انڈیا بمقابلہ بنگلہ دیش ٹسٹ سیریز میں شامی واپسی کر سکتے ہیں۔ دو میچوں کی یہ سیریز 19؍ ستمبر سے چینائی میں شروع ہوگی۔ دوسرا میچ کانپور میں ہوگا۔



