بے قابو کار تالاب میں گرنے سے 5 حیدرآبادی نوجوان ہلاک۔ تلنگانہ کے بھونگیر ضلع میں پیش آیا حادثہ
بھونگیر۔ 7؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): یادادری بھونگیر ضلع کے بھوڈن پوچمپلی منڈل میں جلال پور کے قریب ہفتہ کی صبح 4:30 بجے ایک المناک حادثہ پیش آیا، ایک کار بے قابو ہوکر تالاب میں جاگری جس کے نتیجہ میں پانچ نوجوانوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں کی شناخت ہرشا، دنیش، ومسی، بالو اور ونے کے طور پر کی گئی ہے، سبھی حیدرآباد کے ایل بی نگر میں آر ٹی سی کالونی کے رہنے والے ہیں۔ ان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھونگیر سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حادثہ کے وقت کار میں چھ افراد سوار تھے۔ تاہم ان میں سے ایک، جس کی شناخت مانی کانتا یادو کے طور پر ہوئی ہے، کار کی کھڑکیوں کا شیشہ توڑ کر باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔ وہ حیدرآباد سے بھوڈن پوچمپلی کا سفر کررہے تھے اور شبہ ہے کہ واقعہ کے وقت وہ شراب کے نشہ میں تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ مرنے والوں کی عمریں 20 سے 21 سال کے درمیان تھیں۔