1 ارب فالوورز: کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی

ریاض ۔ 14؍ ستمبر ۔ (اردو لائیو): دنیائے فٹ بال کے لیجنڈ، پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا کی دنیا میں نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے 1 ارب فالوورز کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ یہ کارنامہ رونالڈو کے لیے نہ صرف فٹ بال کی دنیا بلکہ ڈیجیٹل دنیا میں بھی ایک اہم کامیابی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، النصر کے اسٹرائیکر اور UEFA نیشنز لیگ میں 900 گول مکمل کرنے والے رونالڈو نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 1 بلین فالوورز کا ہندسہ عبور کر کے ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ یوٹیوب، ایکس، فیس بُک، اور انسٹاگرام جیسے مختلف پلیٹ فارمز پر ان کی مقبولیت کا یہ زبردست مظہر ہے۔
رونالڈو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ 1 ارب فالوورز صرف ایک نمبر نہیں ہیں، بلکہ یہ ہمارے کھیل کے لیے مشترکہ جذبے اور محبت کا مظہر ہیں۔” انہوں نے اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ”مڈیرا کی سڑکوں سے لے کر دنیا کے سب سے بڑے اسٹیج تک، میں نے ہمیشہ اپنے اہلِ خانہ اور آپ کے لیے پرفارمنس دی ہے۔ اب ہم سب مل کر 1 بلین کی اس کامیابی کا جشن مناتے ہیں۔”
رونالڈو کی اس کامیابی نے نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ عالمی سطح پر سوشل میڈیا کی اہمیت اور اثر و رسوخ کو بھی اجاگر کیا ہے۔ ان کے اس سنگ میل نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کھیل اور سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر کے لوگوں کے ساتھ گہرا تعلق قائم کیا جا سکتا ہے۔



