کھیل

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہوگا اس دن ٹاکرا

چیمپئنز ٹرافی 2025ء کا ڈرافٹ (عارضی) شیڈول جاری۔ بی سی سی آئی کی رضامندی کا انتظار

نئی دہلی ۔ 3 ؍ جولائی (ایجنسیز) : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کا ڈرافٹ (عارضی) شیڈول جاری کردیا ہے۔ ،ڈرافٹ شیڈول کے مطابق ہندوستان اور پاکستان یکم؍ مارچ کو لاہور کے سٹیڈیم میں ٹکرائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے ڈرافٹ شیڈول (عارضی شیڈول) کے مطابق اپنی ٹیم کا ہندوستان کے خلاف میچ اگلے سال یکم مارچ کو رکھا ہے۔ حالانکہ، انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ابھی تک اس پر رضامندی ظاہر نہیں کی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ کے ایک سینیئر ممبر نے چہارشنبہ کو ہندوستانی خبر رساں ادارہ کو یہ اطلاع دی۔ ٹورنمنٹ اگلے سال 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلا جائیگا جسمیں 10 مارچ ’’ریزرو ڈے‘‘ ہوگا۔

لاہور میں ہونگے ہندوستان کے میچس
معلوم ہوا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے 15 میچوں کا یہ شیڈول سونپ دیا ہے۔ سیکوریٹی وجوہات کی بناء پر ہندوستان کے میچس لاہور میں رکھے گئے ہیں۔
نقوی کو ٹی20 ورلڈ کپ فائنل دیکھنے کے لیے بارباڈوس میں مدعو کیا گیا تھا۔ آئی سی سی بورڈ کے ممبر نے کہاکہ ’’پی سی بی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے 15 میچوں کا شیڈول کا ڈرافٹ جمع کرادیا ہے۔ جسمیں سات میچس لاہور میں، تین میچس کراچی میں اور پانچ میچس راولپنڈی میں رکھے گئے ہیں۔‘‘

لاہور میں ہوگا فائنل
ذرائع نے بتایا کہ پہلا میچ کراچی میں رکھا گیا ہے جبکہ دو سیمی فائنلس کراچی اور راولپنڈی میں جبکہ فائنل لاہور میں ہوگا۔ ہندوستان کے سبھی میچس (ٹیم کے کوالیفائی کرنے کی حالت میں سیمی فائنل سمیت) لاہور میں رکھے گئے ہیں۔ہندوستان کو گروپ اے میں پاکستان، بنگلہدیش اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، ساوتھ افریقہ، انگلینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔ حال میں آئی سی سی ٹورنمنٹ کے سربراہ کرس ٹیٹلی نے پی سی بی چیئرمین نقوی سے اسلام آباد میں ملاقات کی تھی۔ اس سے پہلے آئی سی سی کی سیکوریٹی ٹیم نے انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔

بی سی سی آئی کب کریگا اپڈیٹ؟
آخری بار پاکستان نے 2023 میں ’’ہائبرڈ ماڈل‘‘ کے تحت ایشیا کپ کی میزبانی کی تھی جسمیں ہندوستان نے اپنے میچس سری لنکا میں کھیلے تھے کیونکہ ہندوستان نے اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے والے تمام ممالک کے سربراہان (بی سی سی آئی کے علاوہ) سبھی بورڈ سربراہان نے پورا تعاون کیا ہے لیکن بی سی سی آئی حکومت سے صلاح مشورہ کرکے آئی سی سی کو اپ ڈیٹ کریگا۔’’وہیں آئی سی سی کسی بھی بورڈ کو اپنی حکومت کی پالیسی کے خلاف جانے کے لیے دباؤ نہیں ڈال سکتا۔ جس سے یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ اس معاملے میں بی سی سی آئی کیا فیصلہ کرتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button