چیمپئنزٹرافی ۔ 2025 کیلئے ہندوستانی ٹیم نہیں جائیگی پاکستان

بی سی سی آئی ’ آئی سی سی سے کرسکتی ہے مطالبہ
IND vs PAK, Champions Trophy 2025 Schedule نئی دہلی۔ 11؍ جولائی۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے پاکستان جانے کے امکانات نہ کے برابر ہیں۔
آئی سی سی سے بی سی سی آئی مطالبہ کرسکتی ہے کہ اسکے میچس دبئی یا پھر سری لنکا میں منعقد کئے جائیں۔
آئندہ سال فروری ۔ مارچ میں پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرنے والا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ یعنی پی سی بی نے اسکے لیے تیاری شروع کر دی ہے اور ٹیم انڈیا کے میچ لاہور میں منعقد کرانے کا ڈرافٹ شیڈول آئی سی سی کو حوالہ کردیا ہے۔ حالانکہ، ابھی تک ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے پاکستان جانے پر کوئی بیان ’ کسی اہل کار کی جانب سے سامنے نہیں آیا ہے۔ لیکن اب ایک رپورٹ سے تصدیق ہوئی ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان جانے کے امکانات نہ کے برابر ہیں۔ یہاں تک بی سی سی آئی’ آئی سی سی سے مطالبہ بھی کرنے جا رہی ہے۔
ہندوستانی خبر رساں ادارہ کو بی سی سی آئی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے 2025 آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان جانے کے امکانات نہیں ہیں۔ بی سی سی آئی’ آئی سی سی سے دبئی یا سری لنکا میں میچ منعقد کرنے کے لیے کہے گا۔ اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ ایشیا کپ 2023 کی طرح چیمپئنز ٹرافی 2025 بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان کو منعقد کرنا پڑسکتا ہے۔ یہاں تک کہ بی سی سی آئی سکریٹری جے شاہ نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے بعد جو پریس کانفرنس کی تھی، اس میں بھی اس بات کی وضاحت نہیں کی تھی کہ ہندوستانی ٹیم پاکستان جائیگی۔
حالانکہ، جے شاہ نے اس بات کی تصدیق ضرور کر دی ہے کہ ہندوستانی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں روہت شرما کی کپتانی میں کھیلے گی۔ جے شاہ نے ہی ایشین کرکٹ کاؤنسل کے چیئرمین اور بی بی سی آئی کے سکریٹری کے طور پر اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ایشیا کپ 2023 کے لیے ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں جائیگی۔ ایسے میں پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل کا مشورہ دیا تھا، جسے ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے قبول کرلیا تھا۔ بشمول فائنل ’ ہندوستان اور دوسرے ٹیموں کے زیادہ تر میچس سری لنکا میں منعقد ہوئے تھے اور کچھ میچس پاکستان میں منعقد کرائے گئے تھے۔ ایسا ہی کچھ چیمپئنز ٹرافی میں بھی ہو سکتا ہے۔



