‘‘مجھے بہت شرم آتی ہے …’’ منور فاروقی کا کولکتہ ڈاکٹر عصمت ریزی وقتل پر رد عمل

نئی دہلی ۔ 20؍ اگسٹ ۔ (اردو لائیو): ‘‘مجھے بہت شرم آتی ہے…’’ بگ باس 17 کے فاتح’ اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار منور فارُوقی نے یہ بات کولکتہ میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی اور قتل کے معاملہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہی۔ منور فاروقی نے کہاکہ ‘‘ہاسپٹل واحد جگہ ہے جہاں لوگوں کی جانیں بچائی جاتی ہیں۔ اگر اس جگہ پر ایک ڈاکٹر کے ساتھ جو ہماری جان بچاتا ہے ایسا ہو رہا ہے تو یہ واضح ہے کہ خواتین اس دنیا میں کہیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔’’
مجھے یہ کہتے ہوئے بھی شرم آ رہی ہے کہ…
جب ہندوستان ٹائمز نے منور سے پوچھا کہ وہ اس واقعہ کو ایک مرد کے نظریے سے کیسے دیکھتے ہیں؟ تب منور نے کہاکہ ‘‘ایک مرد ہونے کے ناطے، مجھے بہت شرم آتی ہے۔ میں صرف کولکتہ میں ہوئی درندگی کی بات نہیں کر رہا ہوں۔ میں ان تمام واقعات کی بات کر رہا ہوں جن کے بارے میں ہم آئے دن سنتے ہیں۔ مجھے یہ بولنے میں بھی شرم آ رہی ہے کہ کئی لوگ جانوروں کو بھی نہیں بخش رہے ہیں۔’’
سنئے خواتین کیا کہہ رہی ہیں
منور نے مزید کہاکہ ‘‘انٹرنیٹ پر اس وقت مردوں اور خواتین کے درمیان بحث چل رہی ہے۔ میں مردوں سے بس ایک بات کہنا چاہتا ہوں، اس وقت خواتین جو کچھ بھی بول رہی ہیں نا، اس کو نظریں جھکاکر سن لو۔ اس وقت اگر وہ غصے میں یہ بھی کہہ دیں کہ سبھی مرد ایسے ہی ہوتے ہیں، تو بھی چپ رہو، کیونکہ اس وقت خواتین کو بہت کچھ سہنا پڑ رہا ہے۔’’
ایک بیٹی کا باپ ہونے کے ناطے…
اپنے بیٹے اور بیٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے منور نے کہاکہ ‘‘میں چاہتا ہوں کہ میرا بیٹا، لڑکیوں کا احترام کرے اور میری بیٹی، لڑکوں کا احترام کرے۔ میں اپنے بیٹے کو ہر عورت کا، اپنی ماں کی طرح، احترام کرنا سکھانا چاہتا ہوں۔ ایک بیٹی کا باپ ہونے کے ناطے، مجھے یہ سوچ کر بھی دکھ ہوتا ہے کہ ایک والد یا بھائی کس دور سے گزر رہا ہوگا جب اس کی بیٹی یا بہن کو اس درد سے گزرنا پڑتا ہوگا۔ میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ ایسا واقعہ کسی بھی خاندان کے ساتھ نہ ہو۔’’
خواتین کی حفاظت
منور نے اپنی بات کو ختم کرتے ہوئے کہاکہ ‘‘خواتین کی حفاظت کے لیے دیر رات عوامی نقل و حمل میں پولیس افسران کی موجودگی ضرور ہونی چاہیے۔ ہر جگہ کم از کم 10 گنا گشت بڑھائی جانی چاہیے۔ سی سی ٹی وی کیمرے کام کرنے چاہیے۔’’



