
غزہ۔ 18؍ اگسٹ ۔ (پی آئی سی): فلسطینی وزارت صحت نے ہفتے کے روز ایک بیان میں بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج نے پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں پانچ قتل عام کیے ہیں۔ ان تازہ واقعات میں مزید 69 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں سے 16 افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ اسرائیلی حملوں میں 136 شہری زخمی ہوئے جنہیں ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ کی پٹی میں ایک بیرک پر میزائل حملہ کیا جہاں ایک پورا خاندان سو رہا تھا، جس کے نتیجے میں 15 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ بہت سے زخمی اب بھی ملبے کے نیچے موجود ہیں اور امدادی کارکنوں کو ان تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
وزارت صحت نے مزید کہا کہ 7 اکتوبر 2023ء سے غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں شہادتوں کی تعداد 40,074 ہوگئی ہے، جبکہ 92,537 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔



