
غزہ ۔ 31؍ اگسٹ ۔ (پی آئی سی): غزہ کی پٹی میں امریکی اور مغربی ممالک کی حمایت سے جاری اسرائیلی نسل کشی آج 330 ویں دن میں داخل ہو گئی ہے۔ آج 31 ؍ اگسٹ’ ہفتہ کے روز اسرائیلی فوج نے فضائی اور توپ خانے کے حملے جاری رکھے، جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔
نامہ نگاروں کی رپورٹ کے مطابق، قابض فوج اسرائیلی فوج نے آج ہفتہ کے روزہ غزہ کے مختلف علاقوں میں بمباری کی، جس میں گھروں، بے گھر افراد کی پناہ گاہوں اور سڑکوں پر موجود شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، آج صبح سے اب تک 48 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
*-نصیرات کیمپ: رات کے وقت نصیرات پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی اور توپ خانے کے حملے ہوئے۔ حملوں میں ابو یوسف کے خاندان کے گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس میں بے گھر افراد اور غیر ملکی امدادی کارکن شہید اور زخمی ہوئے۔ سول ڈیفنس نے حمد الحسنات مسجد کے قریب سے تین شہید فلسطینیوں کی لاشیں ملبے کے نیچے سے نکالیں۔
*-خان یونس: خان یونس کے جنوب میں العصر خاندان کے گھر پر غاصب صیہونی اسرائیلی بمباری نے ہفتہ کی صبح 4 شہریوں کی جان لے لی اور کئی دیگر کو زخمی کر دیا۔
*-جبالیہ کیمپ: شمالی غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں نصر خاندان کے اپارٹمنٹ پر بمباری کے نتیجے میں ایک شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
مجموعی صورت حال
غزہ کی پٹی میں غاصب صیہونی اسرائیلی فوج کے حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس جنگ میں امریکی اور مغربی ممالک کی حمایت نے اسرائیلی کارروائیوں کو مزید مہمیز دی ہے، جس کے نتیجے میں انسانی بحران مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔