دہلی

سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری چل بسے

نئی دہلی ۔ 12؍ ستمبر ۔ (اردو لائیو): کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری 72 سال کی عمر میں چل بسے۔ تیز بخار میں مبتلا ہونے کے بعد انہیں 19 اگست کو ایمس دہلی میں شریک کیا گیا تھا۔ وہ 25 دنوں سے زیر علاج تھے۔
سی پی آئی (ایم) کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کامریڈ سیتارام یچوری کو سانس کا شدید انفیکشن تھا۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کا علاج کر رہی تھی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق تیز بخار میں مبتلا ہونے کے بعد انہیں 19 اگست کو ایمس میں شریک کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔ یچوری کا حال ہی میں موتیا بند کا آپریشن بھی ہوا تھا۔
ایمس میں رہتے ہوئے بدھ دیو بھٹاچاریہ کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔
سیتارام یچوری نے 22 اگست کو ویڈیو پیغام کے ذریعے مغربی بنگال کے سابق وزیر اعلی بدھ دیو بھٹاچاریہ کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔
ایمس میں داخل ہوتے ہوئے یچوری نے 22 اگست کو مغربی بنگال کے سابق وزیر اعلیٰ بدھ دیب بھٹاچاریہ کو ان کے انتقال پر خراج عقیدت پیش کیا تھا۔ انہوں نے 6 منٹ 15 سیکنڈ کے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ مجھے بدھ دا کے تئیں اپنے جذبات کا اظہار کرنا پڑا اور ایمس سے ہی لال سلام کہنا پڑا۔
23 اگست کو یچوری نے سوشل میڈیا ایکس پر جموں و کشمیر میں سی پی ایم، کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان انتخابی اتحاد کے بارے میں پوسٹ کیا تھا۔ 29 اگست کو انہوں نے ایکس پر عبدالغفور نورانی کی وفات پر تعزیتی پیغام پوسٹ کیا۔
1975 میں سی پی ایم میں شامل ہوئے یچوری نے 1974 میں اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) میں شمولیت اختیار کی۔ ایک سال بعد وہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) میں شامل ہو گئے۔ ایمرجنسی کے بعد، وہ ایک سال (1977-78) کے دوران تین بار جے این یو طلبہ یونین کے صدر منتخب ہوئے۔ وہ ایس ایف آئی کے پہلے صدر تھے جو کیرالہ یا بنگال سے نہیں تھے۔
یچوری 1984 میں سی پی آئی (ایم) کی مرکزی کمیٹی کے لیے منتخب ہوئے۔ انہوں نے 1986 میں ایس ایف آئی چھوڑ دی۔ اس کے بعد وہ 1992 میں چودھویں کانگریس میں پولیٹ بیورو کے لیے منتخب ہوئے۔ یچوری جولائی 2005 میں مغربی بنگال سے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔
وہ 19 اپریل 2015 کو سی پی آئی (ایم) کے پانچویں جنرل سکریٹری منتخب ہوئے۔ اپریل 2018 میں وہ دوبارہ سی پی آئی(ایم) کے جنرل سکریٹری کے طور پر منتخب ہوئے۔ اپریل 2022 میں، یچوری نے تیسری بار سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری کا عہدہ سنبھالا۔
12ویں کے امتحان میں ملک میں پہلا نمبر حاصل کرنے والے سیتارام یچوری کی پیدائش 12 اگست 1952 کو چنئی میں ہوئی تھی۔ وہ حیدرآباد میں پلے بڑھے اور آل سینٹس ہائی اسکول میں دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کی۔ 1969 کی تلنگانہ تحریک کے دوران وہ دہلی چلے گئے۔
یچوری نے دہلی کے پریذیڈنٹ اسٹیٹ اسکول میں داخلہ لیا اور سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) ہائر سیکنڈری امتحان میں آل انڈیا رینک ون حاصل کیا۔ انہوں نے اقتصادیات میں بی اے (آنرز) سینٹ سٹیفن کالج، دہلی سے فرسٹ رینک کے ساتھ مکمل کیا۔
پھر جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) سے اکنامکس میں ایم اے کیا۔ انہوں نے پی ایچ ڈی کے لیے جے این یو میں داخلہ لیا تھا۔ تاہم 1975 میں ایمرجنسی کے دوران گرفتاری کے باعث وہ اسے مکمل نہ کر سکے۔
اس وقت کے نائب صدر ایم حامد انصاری نے 2017 میں سیتارام یچوری کو بہترین پارلیمنٹیرین (راجیہ سبھا) کا ایوارڈ دیا تھا۔
یچوری کی اہلیہ سیما چشتی پیشے سے صحافی ہیں، ان کے 34 سالہ بیٹے کی 2021 میں موت ہوگئی۔ یچوری نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کی بیوی ان کی مالی مدد کرتی ہے۔ ان کی پہلی شادی وینا مجمدار کی بیٹی اندرانی مجمدار سے ہوئی تھی۔ اس شادی سے ان کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہیں۔ یچوری کے بیٹے آشیش کی موت 22 اپریل 2021 کو 34 سال کی عمر میں کووڈ-19 کی وجہ سے ہوئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button