ریسلر ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا ہونگے کانگریس میں شامل’ راہل گاندھی سے کی ملاقات

نئی دہلی ۔ 4؍ ستمبر ۔ (اردو لائیو): ریسلر ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا کے ہریانہ اسمبلی انتخابات لڑنے کی بات چیت کے دوران، انہوں نے دہلی میں راہل گاندھی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد دونوں کے انتخاب لڑنے کے اشارے مل رہے ہیں۔ راہل سے ملنے کے بعد، وہ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینگوپال سے بھی ملے۔
ونیش کے تایا مہاویر پھوگاٹ نے کہاکہ ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا کانگریس میں شامل ہونے کے لئے دہلی پہنچے ہیں۔ دونوں کانگریس کے ٹکٹ پر اسمبلی انتخابات لڑیں گے۔
کانگریس کے ذرائع کے مطابق، پارٹی ونیش کو 3 اور بجرنگ کو 2 سیٹوں سے انتخاب لڑنے کا آپشن دے چکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ونیش پھوگاٹ اپنے سسرال جند کے جولا نہ یا دادری سے اور بجرنگ پونیا جھجر کے باولی سے انتخابات لڑ سکتے ہیں۔
تاہم کانگریس کے ریاستی انچارج دیپک بابریا نے منگل کو کہا تھاکہ انتخاب لڑنے کا فیصلہ ونیش پھوگاٹ کا ہوگا۔ اس بارے میں بدھ کو صورت حال واضح ہو جائے گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق کانگریس کی کوشش ہے کہ دونوں کو اسمبلی انتخابات میں امیدوار بنا کر پہلوان تحریک کو بی جے پی کے خلاف استعمال کیا جا سکے۔ بجرنگ پونیا کے انتخاب لڑنے کے بارے میں کانگریس کو مثبت اشارے ملے ہیں، لیکن بات ونیش پر منحصر ہے۔
ونیش کو 3 سیٹوں سے پیشکش
کانگریس کے ذرائع کے مطابق ونیش پھوگاٹ کو جن 3 سیٹوں کی پیشکش کی گئی ہے ان میں پہلی 2 سیٹیں چرخی دادری کی دادری اور باڑھڑا ہیں۔ ونیش اسی ضلع کے بلالی گاؤں کی رہائشی ہیں۔ اگر ونیش دادری سے انتخاب لڑیں گی تو ان کا مقابلہ چچازاد بہن ‘‘دنگل گرل’’ ببیتا پھوگاٹ سے ہو سکتا ہے۔
ببیتا یہاں سے 2019 میں بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ چکی ہیں، لیکن ہار گئی تھیں۔ اس بار بھی وہ ٹکٹ کی امیدوار ہیں۔ ونیش کو تیسرا آپشن جند کی جولا نہ سیٹ کا دیا گیا ہے۔
ونیش پھوگاٹ کے پیرس سے وطن واپس آنے پر استقبال کرنے والوں میں دیپندر ہڈا سب سے آگے تھے۔
بجرنگ پونیا کو 2 سیٹوں سے پیشکش
کانگریس کے ذرائع کے مطابق بجرنگ پونیا کو بھی دو سیٹوں کی پیشکش کی گئی ہے۔ بجرنگ سونی پت سے انتخاب لڑنے کے خواہاں ہیں، لیکن یہاں کانگریس موجودہ رکن اسمبلی سورندر پنوار کو ہی ٹکٹ دینا چاہتی ہے۔ پنوار ابھی ای ڈی کیس میں جیل میں بند ہیں۔ اگر وہ انتخاب نہ لڑیں تو ان کے بیٹے یا بہو کو ٹکٹ مل سکتا ہے۔ کانگریس ان کا ٹکٹ کاٹ کر یہ اشارہ نہیں دینا چاہتی کہ مشکل وقت میں رہنما کا ساتھ چھوڑ دیا۔
بجرنگ نے جھجر کی باولی سیٹ میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے، لیکن یہاں سے کانگریس کو موجودہ رکن اسمبلی کلدیپ واتس کا ٹکٹ کاٹنا ہوگا۔ واتس ایک بڑا برہمن چہرہ ہیں، اس لیے اگر کانگریس ان کا ٹکٹ کاٹتی ہے تو برہمن ووٹ بینک ناراض ہو سکتا ہے۔ بجرنگ کو کانگریس کی طرف سے بہادرگڑھ اور بھوپانی کا آپشن دیا گیا ہے۔ یہ دونوں جاٹ اکثریت والی سیٹیں ہیں۔



