‘‘دکان پر نام’’۔ ہماچل کی کانگریس حکومت بھی یوگی کے فیصلے کو نافذ کرے گی

شملہ ۔ 25؍ ستمبر ۔ (اردو لائیو): شیکسپیئر کا ایک مشہور قول ‘‘نام میں کیا رکھا ہے’’ اگر ہندوستان کی بات کی جائے تو آج کل ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے نام ہی میں سب کچھ رکھا ہے۔ گزشتہ روز اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی طرف سے دکانوں پر نام لکھنے کے جاری کردہ حکم کو ہماچل پردیش کی کانگریس حکومت نے بھی پسند کیا ہے۔ ہماچل پردیش کے وزیر شہری ترقیات وکرمادتیہ سنگھ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے بھی یہ اصول بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وکرمادتیہ سنگھ نے یوپی حکومت کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اسے پوری طاقت و اثر سے نافذ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ عوام کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ وکرمادتیہ سنگھ نے چہارشنبہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کل یو ڈی (شہری ترقیات) اور میونسپل کارپوریشن کی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام اسٹریٹ وینڈرز جو سامان فروخت کر رہے ہیں، خاص طور پر وہ لوگ جو کھانے پینے کی اشیاء فروخت کر رہے ہیں۔ کوئی موموس بیچ رہا ہے، کوئی نوڈلز بیچ رہا ہے۔ ہمیں اس پر ایکشن لینا چاہیے کہ دونوں طریقوں سے حفظان صحت کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء فروخت کی جائے۔
وکرمادتیہ نے مزید کہاکہ عوام نے بہت سے خدشات ظاہر کیے تھے۔ اس کے مد نظر ہم نے بھی یوپی حکومت کی تقلید کرتے ہوئے سڑکوں پر دکانداروں کے لیے بھی نام اور شناخت کا ہونا لازمی قرار دیا ہے۔ ہم نے اسے پوری قوت و اثر سے نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ جو بھی دکان چلا رہا ہے یا سڑک پر دکاندار ہے اسے شناختی کارڈ پیش کرنا ہوگا۔ تاکہ آئندہ کوئی مسئلہ پیش آئے تو شفافیت کے ساتھ کارروائی کی جاسکے۔ شناختی کارڈ سٹریٹ ونڈرس کمیٹی کے ذریعہ بنائے جائیں گے۔ اس پر ان کی تصویر، رجسٹریشن نمبر سمیت تمام معلومات موجود ہوں گی۔ اس کو خاص طور پر کھانے پینے کے اسٹالوں پر لاگو کیا جانا چاہئے۔
صرف ایک دن پہلے، اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے کھانے کی دکانوں، ہوٹلوں، ریستوراں وغیرہ کے بارے میں ایک نیا حکم نامہ جاری کیا ہے۔ ان پر آپریٹرز، مالکان اور منیجرز کے نام اور پتہ لازمی طور پر درج کرنے ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی کہ باورچی اور ویٹر ماسک اور دستانے پہنیں، اس کے علاوہ ہوٹلوں اور ریستورانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانا لازمی قرار دیا جائے۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے کھانے پینے کی اشیاء میں تھوک اور پیشاب کی ملاوٹ کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے یہ فیصلہ لیا۔ اس سے قبل جب کنور روٹ پر دکانوں پر نام لکھنے کا حکم دیا گیا تھا تو اس پر کافی تنازعہ ہوا تھا اور یہ معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اس پر پابندی لگا دی تھی۔



