دنیا کے مشہور باڈی بلڈر ایلیا کی دل کا دورہ پڑنے سے موت (ویڈیو)

بیلاروس ۔ 13؍ ستمبر ۔ (ایجنسیز): صحت بنانے کے لیے لوگ کیا کچھ نہیں کرتے۔ ان دنوں جِم، پروٹین جیسی چیزوں کا بھی خوب چلن ہے۔ فٹ باڈی کو لے کر جنون بڑھ رہا ہے، لیکن اس کے لیے غیر قدرتی چیزوں کا استعمال خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔ ایسا ہی ایک معاملہ سامنے آیا ہے، جو کسی کو بھی حیرت میں ڈالنے والا ہے۔ دنیا کے سب سے مشہور باڈی بلڈر کہے جانے والے ایلیا یفیمچک کا دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوگئی ہے۔ ان کی عمر محض 36 سال تھی اور وہ انتہائی فٹ دکھائی دیتے تھے۔ اس کے باوجود انہیں دل کا دورہ پڑنا حیرت انگیز ہے۔ دنیا بھر میں لوگ ان کی موت پر حیرت ظاہر کر رہے ہیں اور جِم، پروٹین وغیرہ پر بھی لوگ سوال اٹھا رہے ہیں۔
خاص طور پر فٹنس کو لے کر ایک جنون پر گفتگو ہو رہی ہے کہ آخر فٹ دکھنا اور اندرونی طور پر فٹ ہونے میں کتنا فرق ہے۔ اب تک ملی معلومات کے مطابق ایلیا یفیمچک کو 6 ستمبر کو دل کا دورہ پڑا تھا اور وہ کوما میں چلے گئے تھے۔ انہیں فوراً ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا، لیکن علاج کے باوجود 11 ستمبر کو ان کی موت ہو گئی۔ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ایلیا کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد ان کی اہلیہ انا نے ایمبولینس کو کال کیا اور ایمبولینس آنے تک وہ انہیں سی پی آر دینے کی کوشش کرتی رہیں۔اس کے باوجود ان کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ آخرکار انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ فوراً ہاسپٹل پہنچایا گیا۔ ایلیا کی اہلیہ انا نے بیلاروس کے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں ان کے لیے دعا کرتی رہی، لیکن انہیں بچایا نہیں جا سکا۔ انا نے مزید کہا کہ میں ان کے لیے مسلسل دعا کر رہی تھی۔ گزشتہ دو دنوں سے ان کا دل دوبارہ دھڑکنے لگا تھا، لیکن انہیں بچایا نہیں جا سکا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ برین ڈیت ہو چکے تھے۔ انا نے کہا کہ میں دنیا بھر میں اپنے خیر خواہوں کو دعاؤں اور ہمدردیوں کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں۔



