ہندوستان

بنگال جلے گا تو اترپردیش’ بہار’ آسام بھی جلیں گے۔ آگ دہلی تک پہنچے گی۔ مودی کو ممتا کی للکار

کولکتہ ۔ 28؍ اگسٹ ۔ (اردو لائیو): کولکتہ میں ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت ریزی و قتل معاملے میں بی جے پی کے بنگال بند کے دوران ہوئے احتجاج اور آتشزنی کی وارداتوں پر وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی پر ریاست میں آگ لگانے کا الزام لگایا۔
انہوں نے کہا کہ اگر بنگال میں آگ لگی تو آسام سے لے کر دہلی تک جائے گی اور پی ایم کی کرسی گر جائے گی۔ اس کے جواب میں آسام کے وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے ان پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ آپ کی آسام کو ڈرانے کی ہمت کیسے ہوئی؟
دوسری طرف، مرکزی وزیر اور مغربی بنگال کے بی جے پی صدر سُکانت مزومدار نے ممتا کے بیان کے حوالے سے وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھا ہے۔ اس میں انہوں نے کہا کہ ایسا بیان کسی آئینی عہدے پر فائز شخص نہیں دے سکتا۔ یہ ملک دشمن آواز ہے۔

ممتا بنرجی کا پورا بیان اور اس پر ہیمنت کا جواب :
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کولکتہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ یہ بنگلہ دیش ہے۔ مجھے بنگلہ دیش سے محبت ہے۔ وہ ہماری طرح بات کرتے ہیں اور ہماری ثقافت بھی ایک جیسی ہے، لیکن یاد رکھیں کہ بنگلہ دیش الگ ملک ہے اور ہندوستان الگ ملک ہے۔
مودی بابو کولکتہ کے عصمت ریزی و قتل کیس میں اپنی پارٹی کا استعمال کرکے بنگال میں آگ لگوا رہے ہیں۔ اگر آپ نے بنگال کو جلایا تو آسام، نارتھ ایسٹ، اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، اڈیسہ اور دہلی بھی جلیں گے۔ ہم آپ کی کرسی گرا دیں گے۔
ممتا کے اس بیان کے حوالے سے سرما نے ایکس پر ٹویٹ کیاکہ دیدی، آپ کی ہمت کیسے ہوئی آسام کو دھمکانے کی؟ ہمیں سرخ آنکھیں مت دکھائیے۔ آپ کی ناکامی کی سیاست سے ہندوستان کو جلانے کی کوشش بھی مت کیجیے۔ آپ کو تفرقہ انگیز زبان بولنا زیب نہیں دیتا۔
آسام کے وزیر آبی وسائل پُیوش ہزاریکا نے کہا کہ ممتا ہمیں نہ تو دھمکا سکتی ہیں، نہ ڈرانے کی کوشش کر سکتی ہیں۔ وہ اپنے ریاست میں قانون اور نظم کو کنٹرول نہیں کر پا رہی ہیں اور ہمیں دھمکی دے رہی ہیں۔ میں آپ کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ یہ آسام میں کام نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ممتا بنرجی سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ وہ بہت سینئر لیڈر ہیں اور طویل عرصہ سے وزیراعلیٰ ہیں، انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ عوامی طور پر کیسے بولنا ہے۔ میں ان کے بیان کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔ میں آپ کو یقین دلا سکتا ہوں کہ جب تک آسام میں بی جے پی حکومت ہے اور ہیمنت بسوا سرما وزیراعلیٰ ہیں، تب تک ممتا آسام میں کچھ نہیں کر سکتی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button